پاکستان اور یو اے ای کے درمیان پروازیں بحال ہونے کا امکان، متحدہ عرب امارات جانے کے منتظر پاکستانیوں کو خوشخبری سنا دی گئی

دُبئی(پی این آئی ) اماراتی حکومت کی جانب سے پاکستان سے آنے والی مسافر پروازوں پر 12 مئی سے پابندی عائد ہے۔ جس کی وجہ سے پاکستان میں پھنسے ہزاروں پاکستانی بہت پریشان ہیں۔ تاہم اب ان کے لیے ایک بہترین اُمید پیدا ہو گئی ہے۔ اماراتی وزارت خارجہ امور کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ جو لوگ یکم اگست کے بعد پاکستان سے امارات کا سفر کریں گے، ان کے پاس نادرا کی جانب سے جاری ہونے والا ویکسی نیشن کا سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہو گا۔پاکستان میں قائم یو اے ای کے سفارت خانے کی جانب سے پاکستانی وزارت خارجہ کو اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔اماراتی سفارت خانے کی جانب سے پاکستانی وزارت خارجہ کو جاری ہونے والے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ یکم اگست سے پاکستان سے امارات کا سفر کرنے والوں کے پاس نادرا کا ویکسی نیشن کا سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہوگا۔یہ سرٹیفکیٹ اسلام آباد میں واقع اماراتی ایمبیسی کے علاوہ پاکستانی وزارت خارجہ کے قونصلر افیئرز سے بھی تصدیق کروانا لازمی ہوگی۔اماراتی سفارت خانے کے اس خط میں پاکستانی وزارت خارجہ کو مزید کہا گیا ہے کہ اس سفری شرط کے حوالے سے پاکستانی حکومت کے زیر انتظام دیگر وزارتوں اور ڈپلومیٹک/ آفیشل اور عام پاسپورٹ ہولڈرز کو بھی جلد از جلد آگاہ کر دیا جائے۔ واضح رہے کہ 12 مئی سے پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال سے آنے والی مسافر پروازوں پر بھی عائد کی گئی تھی۔جس کی وجہ ان ممالک میں کورونا کیسز بڑھنا بتائی گئی تھی۔ اماراتی حکام کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اس پابندی کے بعد ٹرانزٹ ویزہ والے مسافروں کو بھی یو اے ای آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ یہ پابندی پاکستان سے آنے والی مقامی ایئر لائنز کے ساتھ ساتھ تمام بین الاقوامی ایئر لائنز پر بھی لاگو ہے۔ البتہ دیگر ممالک سے پاکستان جانے والے مسافروں کو ٹرانزٹ ویزہ پر امارات رْکنے کی اجازت ہو گی۔ان پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ کیونکہ یہ پابندی پاکستان سے آنے والے مسافروں پر عائد کی گئی ہے۔اماراتی حکام نے واضح کیا تھا کہ پاکستان سے آنے والی کارگو فلائٹس اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ البتہ پاکستان سے اماراتی شہریوں کو امارات واپس آنے کی اجازت ہو گی۔ اسی طرح سفارتی مشنز، سرکاری وفود، گولڈل ویزہ ہولڈرز بھی امارا ت واپس جا سکیں گے اور بزنس مین طبقہ اپنے ذاتی جہازروں پر بھی امارات پہنچ سکے گا۔اس اعلان کے بعد بھارت اور پاکستان میں پھنسے ہزاروں اماراتی ویزہ ہولڈرز کی اگلے ایک ماہ تک واپسی نہیں ہو سکی تھی۔ اس فیصلے نے ہزاروں پاکستانیوں کو مایوس کر دیا تھا۔ کیونکہ امارات جلد واپسی نہ ہونے سے ان کی نوکریاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ جبکہ کئی پاکستانیوں کے امارات میں تعلیم کا سلسلہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close