روزِ قیامت میزان پر اعمال کے تلنے کے بعد بھی دارومدار حضور نبی رحمت ﷺ کی شفاعت پر ہے، پیر محمد حسان حسیب الرحمان

راولپنڈی( پی این آئی) دربارِ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ اللہ کریم قرآنِ پاک میں حکم ارشاد فرما رہا ہے کہ مجھ تک پہنچنے کے لئے وسیلہ اختیار کرو۔ حضور نبی کریم ﷺ مخلوق کاتعلق خالق سے جوڑنے والے اور اللہ کریم

کی جانب سب سے قوی، توانا، مضبوط اور اعلیٰ وسیلہ آپ ﷺ ہیں۔روزِ قیامت میزان پر اعمال کے تلنے کے بعد بھی دارومدار حضور نبی رحمت ﷺ کی شفاعت پر ہی ہے۔ امتِ مسلمہ آج بھی اگر اپنے کریم آقا ﷺ کے دامانِ رحمت سے مضبوطی سے منسلک ہو کر احکامات و فرموداتِ نبوی ﷺ پر عمل پیرا ہوجائے تو دین و دنیا کی یقینی کامیابی اس کا مقدر بن جائے گی۔ ہر دور اور ہر زمانے میں مخلوقِ خدا کاتعلق، رشتہ اور نسبت کو دربارِ رسالت مآب ﷺ سے مضبوط سے مضبوط تر کرنے کا سہرا اولیائے امت کے سر رہا۔ دینِ متین اسلام کی ترویج و اشاعت، شریعتِ مطہرہ کی نورانی تعلیمات اور احادیثِ مبارکہ کو اصل و محفوظ حالت میں مخلوقِ خدا تک پہنچانے کے لئے بزرگانِ دین نے اپنے تن، من، دھن سے قربانیاں دیں اور مخلوقِ خدا کا تعلق ان کے روحانی مرکز مدینہ منورہ کی جانب موڑا۔ حضور نبی کریم ﷺ کا ذکرِ خیر بلند فرمانے والا خود ربِ رحمان ہے اور اسی ذکرِ پاک نے ہر دور اور ہر زمانے کے مسلمانوں کے ایمان کو تقویت و حرارت بخشی ہے اور تا قیامِ قیامت یہ ذکرِ پاک مسلمانانِ عالم کے سروں کاتاج، دلوں کی دھڑکن اور سرمایہ افتخار رہے گا۔ محافلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ پر خوشیاں مناکر امتِ مسلمہ اپنے کریم رب کاشکر بجا لاتی ہے کہ اس نے ہمیں اپنے حبیب ﷺ کا امتی بنایا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے عیدگاہ شریف میں سوموار مبارک کے روز منعقدہ ماہانہ محفل بارہویں

پاک سے خطاب کے دوران کیا جس میں کثیر تعدادمیں علمائے کرام جن میں علامہ فاروق عثمانی، مفتی فیصل حسین نقشبندی، خواجہ وجاہت جمیل و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ کثیر تعداد میں نعت خوانانِ عظام، شمعِ رسالت ﷺ کے پروانوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ محفل کے اختتام پر درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، اتحاد بین المسلمین، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور پوری دنیا سے کرونا وباء کے خاتمے کے لیے خصوصی طور پر دعاکی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close