شہباز شریف وزیراعظم لیکن خاتون اول کون ہے؟

اسلام آباد (پی این آئی) سوشل میڈیا پر یہ بحث زور و شور سے شروع ہو گئی ہے کہ اس وقت پاکستان کی خاتون اول کون ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر، میاں محمد شہباز شریف بلا مقابلہ پاکستان کے 23ویں وزیر اعظم بن گئے ہیں اور ایسے میں عوام خاتونِ اول سے متعلق تذبذب کا شکار دکھائی دیتی ہے۔ ایک طرف پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کے عہدہ سنبھالتے ہی عوام کی نظریں خاتون اول پر جم گئی ہیں،

مگر یہاں یہ بات جاننا ضروری ہے کہ شریف فیملی کی جانب سے آج تک اپنی غیر سیاسی خواتین شخصیات کو میڈیا پر نہیں لایا گیا ہے۔ اس کی سب سے اہم وجہ ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اپنے خاندان سمیت وزیر اعظم ہاؤس میں منتقل ہو گئے ہیں مگر اُن کی فیملی کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
دوسری جانب اگر وزیر اعظم شہباز شریف کی اہلیہ کی بات کی جائے تو تہمینہ درانی اُن کی اہلیہ ہیں جبکہ بیگم نصرت شہباز، وزیر اعظم شہباز شریف کی سابقہ بیوی ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف وزیراعظم شہباز شریف اور اُن کی سابقہ اہلیہ بیگم نصرت شہباز کے بیٹے ہیں۔ سرچ انجن گوگل کی بات کی جائے تو گوگل اس وقت اسلامی جمہوریہ پاکستان کی تین خاتون اول بتا رہا ہے۔ گوگل کے مطابق پاکستان کی پہلی خاتونِ اول ثمینہ علوی(صدرِمملکت، عارف علوی کی اہلیہ)، دوسری بیگم نصرت شہباز (وزیر اعظم شہباز شریف کی سابقہ اہلیہ) اور تیسری تہمینہ درانی (وزیر اعظم شہباز شریف کی حالیہ اہلیہ) ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close