ڈاکوؤں کا گودام پر دھاوا، 80 لاکھ روپے مالیت کی چائے پتی لوٹ کر فرار

کراچی(آئی این پی)پولیس چیف کی تبدیلی بھی اسٹریٹ کرائم کم نہ کرسکی، شہر بھر میں دندناتے ڈاکو نے گودام سے 80 لاکھ روپے مالیت کی چائے لوٹ لی ،شہر قائد کو اسٹریٹ کرائمز اور ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا، پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث مٹھی بھر اسٹریٹ کرمنلز اور ڈاکو بے لگام ہوچکے۔شہریوں کے لئے وبال جان بنے ان ڈاکوؤں نے سائٹ کے علاقے میں واقعے چائے کے گودام میں دھاوا بول کر پیسوں کے بجائے 80 لاکھ روپے کی چائے لیکر فرار ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان نے گارڈ کی مدد سے لوٹ مار کی، واقعہ گذشتہ روز پیش آیا، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔دوسری جانب صورت حال یہ ہے کہ شہر کے کئی علاقوں میں پولیس اور رینجرز کی چوکیاں غیرفعال ہیں اور وہ نشے کے عادی افراد کی آماجگاہ بن چکی ہیں۔کورنگی کاز وے پر قائم پولیس اور رینجرز کی چوکیاں غیر فعال ہیں اور کافی عرصے سے یہاں کوئی اہلکار تعینات نہیں کیا گیا ہے جس کے باعث پولیس کی چوکی نشے کے عادی افراد نے اپنا ٹھکانہ بنا لیا ہے اور یہاں ہر وقت نشے کے عادی افراد کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں جن میں کمسن بچے بھی شامل ہیں۔پولیس اور رینجرز کی چوکیاں غیرفعال ہونے کے باعث رات کی تاریکی کے ساتھ دن دہاڑے بھی لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

خالی چوکیوں کے باعث بے خوف مسلح ملزمان کے جتھے نے گزشتہ شب کاز وے پر ٹریفک جام کے دوران کئی افراد کو لوٹا، لیکن مسلسل وارداتوں میں اضافے کے باوجود پولیس کو ہوش نہ آیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close