پی ایس ایل 7 میچز کےدوران کورونا قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنےوالی تماشائیوں کیلئے سزا تجویز کر دی گئی

کراچی(آئی این پی)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل 7 کے میچز کے حوالے سے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کے کانفرنس ہال میں پیر کوسیکیورٹی کوآرڈینیشن کاایک اہم اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں ایونٹ کے آغاز سے قبل سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویڑن مقصود احمد نے کی۔

کمانڈنٹ ایس ایس یو ذیشان شفیق صدیقی،ڈپٹی کمشنر ایسٹ آصف جان، پاک آرمی سے کرنل شکر زئی، ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی، رینجرز اور پی سی بی کے حکام سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے اجلاس میں شرکت کی۔کمانڈنٹ ایس ایس یو ذیشان شفیق صدیقی نے شرکاء کو سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی کہ سیکیورٹی ڈویژن کے اہلکار جن میں ایس ایس یو کمانڈوز، ڈسٹرکٹ پولیس، ٹریفک پولیس،اسپیشل برانچ، سندھ رینجرز، فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار نیشنل اسٹیڈیم کراچی، کراچی ایئرپورٹ، راستوں، ہوٹلوں، پریکٹس گرا ؤنڈزاور دیگر مختلف علاقوں میں سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ حساس مقامات پر ماہر نشانہ بازبھی تعینات کیے جائیں گے۔ ڈی آئی جی سیکیورٹی نے ٹیموں اور تماشائیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا عزم کیا اورہدایات کیں کہ ایونٹ کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام تروسائل کو بروئے کار لایا جائے۔سر شاہ سلیمان روڈ کے ایک ٹریک کے علاوہ تمام سڑکیں عوام کی سہولت کے لیے کھلی رہیں گی۔

تماشائیوں کو پارکنگ پوائنٹس سے اسٹیڈیم تک شٹل بس سروس کے ذریعے پہنچایا جائے گا۔تماشائیوں کی سہولت کے لیے ٹریک سوٹ میں ملبوس SSU کمانڈوز پارکنگ پوائنٹس سے لے کر انکلوڑرز تک ان کی مکمل رہنمائی اور مدد کریں گے۔ نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین کے لیے درج ذیل پارکنگ پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں۔حکیم سعید گراؤنڈنزد بیت المکرم مسجد یونیورسٹی روڈ، نیشنل کوچنگ سینٹر سے ملحقہ چائنا گراؤنڈ(صرف VIPs کے لیے)،اسٹیڈیم کے اندر سی این جی سلینڈر نصب گاڑیوں کے داخلے پر سخت پابندی ہے۔تماشائیوں کے لیے خصوصی ہدایات کی گئی ہیں کہ شائقین پاکستان بھر میں کسی بھی نامزد M&P اسٹورز پر یاcricket.bookme.pk سے میچ کے ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔تماشائیوں کو اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے قومی شناختی کارڈاپنے ہمراہ لازمی رکھنا ہے۔لمبی قطاروں میں انتظار سے بچنے کے لیے اسٹیڈیم میں وقت سے پہلے پہنچیں۔ 12 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے کویڈ 19 ویکسینیشن لازمی ہے۔ اسٹیڈیم میں داخلے سے پہلے شائقین کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہو گا۔ اسٹیڈیم میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی ہے۔

این سی او سی کے منظور کردہ ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا۔کوئی بھی آتشی اسلحہ، کھلونا بندوقیں، دھماکہ خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس، لائٹر، کوئی بھی تیز دھار مواد جیسے چاقو اور دھات یالکڑی اسٹیڈیم کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔کسی بھی بینر/پوسٹر/پلے کارڈ جس پر مذہب یا نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک یا فحش باتیں درج ہوں کی سختی سے ممانعت ہے۔ تماشائیوں کوگراؤنڈ، فنکاروں اور ساتھی تماشائیوں پرکسی قسم کی چیز پھینکنے کی اجازت نہیں ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں