اپنی ہی دلہن سے گن پوائنٹ پر زیادتی؟ لاہور کے علاقے سندر کے واقعے میں ہوشربا انکشافات

لاہور (پی این آئی) لاہور کے علاقے سندر میں طالبہ سے گن پوائنٹ پر مبینہ زیادتی کے واقعے نے دوران تفتیش ایک حیرت انگیز شکل اختیار کر لی ہے۔ اس حوالے سے انکشاف کرتے ہوئے گرفتار ملزم کے گھر والوں نے لڑکے اور لڑکی کی شادی کی ویڈیوز دیتے ہوئے بتایا کہ شادی دونوں خاندانوں کی رضامندی سے خوشگوار ماحول میں ہوئی، لڑکی کے گھر والوں نے بعد میں اپنی دوسری بیٹی کی شادی کے لیے داماد سے پیسے مانگ لئے جس پر معاملہ بگڑ گیا۔

ملزم حیدر کے والد محمد حسین کے مطابق حیدر کا 7 اکتوبر 2021ء کو لڑکی سے دونوں خاندانوں کی رضامندی سے نکاح ہوا، نکاح پر سب ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلاتے رہے، لڑکی والے لڑکی کی رخصتی نہیں کر رہے تھے اور انہوں نے رخصتی کی شرط کے طور پر لڑکی کی دوسری بہن کی شادی کیلئے 5 لاکھ روپے کا مطالبہ کر دیا، حیدر کی جانب سے اس کی بیوی کی رخصتی نہ کرنے پر اندراج مقدمہ کی درخواست بھی دی گئی،

مگر پولیس نے مقدمہ درج نہ کیا، اس دوران لڑکی کے گھر والوں نے حیدر کے خلاف اپنی ہی دلہن سے زیادتی کا جھوٹا مقدمہ درج کروا دیا جس پر پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔ محمد حسین نےمطالبہ کیا کہ بیٹے کے خلاف مقدمہ خارج کرکے اسے رہا کیا جائے۔ متعلقہ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close