جہاز تباہ ہونے کی بددعائیں دینے والی خاتون کو لاکھوں روپے جرمانہ کر دیا گیا

دوران پرواز شراب کے نشے میں دھت جہاز کے تباہ ہونے کی بددعائیں کرنے اور ہنگامہ کرنے والی خاتون کو 10ہزار پاؤنڈ (ساڑھے 21 لاکھ روپے) جرمانہ کر دیا گیا۔ دی مرر کے مطابق 41سالہ ریچل سٹریٹ نامی یہ خاتون 5جنوری کے روز ورجن ایئرلائنز کی پرواز میں سوار تھی۔ دوران سفر اس نے عملے کے اراکین اور دیگر مسافروں کے ساتھ انتہائی بدتمیزی کی اور دھمکیاں دیتی رہی۔ اس نے بددعا دی کہ ”خدا کرے کہ یہ جہاز گر کر تباہ ہو جائے۔“رپورٹ کے مطابق ہوائی جہاز لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر اترا تو پولیس پہلے سے ہی بزنس کلاس میں سفر کرنے والی اس خاتون مسافر کا انتظار کر رہی تھی۔ اسے گرفتار کرکے اکسبرج مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں سے اب اسے 10ہزار پاؤنڈ جرمانے کی سزا سنا دی گئی ہے۔ڈسٹرکٹ جج ڈیبورا رائٹ کا کہنا تھا کہ ”تم بزنس کلاس میں سفر کر رہی تھیں جہاں ساتھی مسافروں کے ساتھ تمہارا رویہ انتہائی ناگفتہ بہ تھا۔ طویل سفر کو تم نے ان سب کے لیے اجیرن کر دیا تھا۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close