کتنے فیصد لوگ گوشت کھانا پسند کرتے ہیں؟ ایسی تحقیق جو آپکے تمام اندازوں کو غلط ثابت کر دے گی

آج دنیا میں سبزی خوری کی بہت وکالت کی جا رہی ہے اور اسے بے شمار طبی فوائد کا حامل قرار دیا جا رہا ہے مگر گوشت خوروں کے لیے گوشت ترک کرنا کس قدر مشکل ہے؟ اس سوال کا جواب ایک سروے میں برطانوی شہریوں نے دے دیا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس سروے میں 67فیصد برطانوی شہریوں نے کہا ہے کہ وہ گوشت چھوڑنے کی بجائے موت کو گلے لگانے کو ترجیح دیں گے۔ ان لوگوں کا کہنا تھا کہ ”گوشت چھوڑنے کی بجائے ہم اپنی زندگی کے پانچ سے دس سالوں کی قربانی دینا پسند کریں گے اور جلدی مر جائیں گے مگر گوشت نہیں چھوڑیں گے۔“رپورٹ کے مطابق یہ سروے ’ون پول‘ کی طرف سے ’نو میٹ ‘(No Meat)نامی تنظیم کے ایماءپر کیا گیا۔ اس سروے میں 40فیصد سے زائد مردوں کا کہنا تھا کہ ان کے نزدیک سبزی خوری خواتین سے منسوب ہے اور انہیں ہی سبزی خور ہونا چاہیے، مردوں کو نہیں۔سروے میں شامل 30فیصد مردوں اور 22فیصد خواتین نے کہا کہ ”انسان کو بنایا ہی گوشت کھانے کے لیے گیا ہے، یہ اس کی جبلت ہے جو تبدیل نہیں ہو سکتی۔“ 20فیصد لوگوں کا کہنا تھا کہ اگر گوشت کھانے پر قید کی سزا ہو تو وہ جیل جانا پسند کریں گے مگر گوشت نہیں چھوڑیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close