بیک وقت 9بچوں کو جنم دینے والی خاتون نے ریکارڈ بنا ڈالا، بچو ں اور ماں کی صحت کیسی ہے؟

مغربی افریقہ کے ملک مالی کی ایک لڑکی نے بیک وقت 9بچوں کو جنم دے دیا۔ دی مرر کے مطابق ڈاکٹروں نے دوران حمل سکین کرکے 25سالہ حلیمہ سیزی نامی اس لڑکی کو 7بچوں کی خوشخبری سنائی تھی تاہم ڈاکٹر سکین میں 2بچے نہ دیکھ پائے تھے۔ حلیمہ کو ڈلیوری کے لیے ہوائی جہاز کے ذریعے مراکش منتقل کیا گیا جہاں اس نے 9بچوں کو جنم دے دیا۔ مالی کی وزیرصحت فانٹا سیبی کا کہنا ہے کہ حلیمہ کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں میں 5لڑکیاں اور 4لڑکے شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق حلیمہ کو دو ہفتے تک مالی کے دارالحکومت باماکو کے پوائنٹ جی ہسپتال میں رکھا گیا اور پھر ڈاکٹروں نے صورتحال کے پیش نظر اسے مراکش منتقل کر نے کا کہہ دیا۔ اسے مراکش کے ایک ہسپتال میں 20مارچ کو داخل کرایا گیا جہاں گزشتہ روز اس کے ہاں بچوں کی پیدائش ہوئی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کسی خاتون کے ہاں 9بچے پیدا ہونا انتہائی نایاب واقعہ ہے۔ عالمی ریکارڈ کے مطابق پہلی بار 1971ءمیں آسٹریلوی شہر سڈنی کی ایک خاتون کے ہاں 9بچے پیدا ہوئے تھے۔ان میں سے کوئی بھی بچہ ایک ہفتے سے زیادہ زندہ نہیں رہ پایا تھا۔ اسی طرح 1999ءمیں ملائیشیاءمیں ایک خاتون نے9بچوں کو جنم دیا اور یہ تمام بچے بھی پیدائش کے کچھ ہی وقت بعد انتقال کر گئے تھے۔

close