نوجوان اپنی شادی کے روز ویڈیو گیم کھیلنے میں مگن،تصویر وائرل

انقرہ(پی این آئی)نوجوان اپنی شادی کے روز ویڈیو گیم کھیلنے میں مگن،تصویر وائرل ۔ شادی کے دن دولہا کو اپنی دلہن کے سوا کچھ یاد نہیں ہوتا اور وہ نجانے کیا کچھ سپنے آنکھوں میں سجائے ہوتا ہے لیکن آپ یہ سن کر دنگ رہ جائیں گے کہ ترکی میں ایک نوجوان اپنی شادی کے روز ویڈیو گیم کھیلنے میں ایسا مگن ہوا کہ

شادی ہی بھول گیا اور اپنے پہلو میں بیٹھی دلہن کا بھی اسے کوئی ہوش نہ رہا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ نوجوان معروف ویڈیو گیم ’فٹ بال منیجر‘ کا شیدائی تھا۔ اس گیم میں آپ کو اپنی ایک ٹیم بنانی ہوتی ہے اور انہیں ہدایات دیتے ہوئے فتح سے ہمکنار کرنا ہوتا ہے۔رپورٹ کے مطابق اس نوجوان کا نام بوراک بتایا گیا ہے جو اپنی شادی کے روز لیپ ٹاپ پر یہ گیم کھیلنے میں مصروف ہو گیا اور اس کے پہلو میں بیٹھی اس کی دلہن اس کی گیم ختم ہونے کا انتظار کرتی رہ گئی۔ شادی کی منظرعام پر آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ نوجوان عروسی لباس پہنے اپنی دلہن کے ساتھ صوفے پر بیٹھا ہوتا ہے مگر اپنی دلہن اور شادی کی تقریب میں توجہ رکھنے کی بجائے لیپ ٹاپ پر گیم سے لطف اندوز ہو رہا ہوتا ہے جبکہ پاس بیٹھی اس کی دلہن کے چہرے پر بوریت اور ناگواری واضح دیکھی جا سکتی ہے۔ بعد ازاں جب بوراک سے اس حوالے سے پوچھا گیا تو اس نے بتایا کہ ”میں لیپ ٹاپ اس لیے اپنے ساتھ لایا تھا تاکہ میں اپنی دلہن کے لیے ایک خاص ویڈیو چلا سکوں۔ یہ ویڈیو میں نے خود تیار کی تھی جو میرے اور میری دلہن کے کئی سال پر محیط تعلق پر مبنی تھی۔ اس ویڈیو کا سائز بہت بڑا تھا اور میں اسے اپنے ویڈنگ پلانر کو ٹرانسفر نہیں کر سکا چنانچہ میں نے لیپ ٹاپ ہی اپنے ساتھ شادی میں لانے کا فیصلہ کر لیا مگر شادی میں ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہمیں انتظار کرنا پڑ گیا اور اس دوران میں نے لیپ ٹاپ پر گیم کھیلنی شروع کر دی۔“۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close