بلیاں بھی کورونا وائرس کے پھیلائو کا سبب بننے لگیں، تحقیقاتی ادارے نےتشویشناک رپورٹ شائع کر دی

لندن (پی این آئی) بلیاں ایک انسان سے دوسرے انسان میں کورونا وائرس منتقل کرنے کا باعث ہوسکتی ہیں، برطانوی تحقیقاتی ادارے نے رپورٹ شائع کی ہے جس کے مطابق تجرباتی طور پر کورونا وائرس سے متاثر کی گئی تین بلیوں نے تین صحتمند بلیوں کو متاثر کردیا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ کورونا بلیوں کے ذریعے

منتقل ہوسکتا ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سائنسدانوں نے تین بلیوں کو کورونا وائرس انجیکشن کے ذریعے منتقل کیا اور انہیں تین صحت مند بلیوں کے ساتھ رکھا گیا۔3روز بعد ان بلیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جن کو کورونا وائرس کا انجیکشن لگایا گیا تھا اور 8روز بعد صحتمند بلیوں میں بھی کورونا وائرس پایا گیا۔تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلیوں میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں لیکن ان میں وائرس منتقل ضرور ہوا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ بلیاں علامات ظاہر کیے بغیر خاموشی سے وائرس کی منتقلی کا باعث بن سکتی ہیں۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 3لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے مہلک کورونا وائرس کے باعث اب تک 44لاکھ 82ہزار 962 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 16لاکھ 84ہزار365مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ اب تک 3لاکھ 397مریض جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 24لاکھ 98ہزار 200ایکٹو کیسز موجود ہیں جن میں سے 45ہزار879مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔امریکہ میں مہلک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 85197 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ملک میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 1034892 ہے۔ ادھر کورونا وائرس سے فرانس میں 83 مزید ہلاکتوں کے بعد اموات کی تعداد 27074 ہوگئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 69 نئے سنگین کیسز سامنے آئے ہیں۔ امریکہ، برطانیہ، اٹلی اور سپین میں 27000 سے زیادہ ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔دوسری جانب ڈبلیو ایچ او کے ایمرجنسیز کے ڈائریکٹر مائیک رائن نے جنیوا سے ورچوئل پریس کانفرنس میں کورونا سے متعلق بتایا ہے کہ ہو سکتا ہے یہ وائرس ہمارے معاشرے میں ایک اینڈیمک بن جائے اور ہمیشہ موجود رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی فرد وثوق سے نہیں کہہ سکتا کہ اس وائرس کا خاتمہ کب تک ممکن ہے، انہوں نے دوٹوک الفاظ میں بتایا کہ اس وباء کے خاتمے کے لیے کوئی عہد نہیں کیا جا سکتا نہ ہی کوئی وقت بتایا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close