روزانہ کتنی بار منہ دھونا چاہیے؟ ماہر جلد نے مشورہ دیدیا

لندن (پی این آئی) منہ دھونا ہمارے روزمرہ معمول کا لازمی حصہ ہے، لیکن ہم نے کبھی اس بات پر غور نہیں کیا کہ روزانہ کتنی بار منہ دھونا چاہیے۔ یہ سوال اس لئے اہم ہے کہ بار بار منہ دھونا ہماری توقع کے برعکس نتائج پیدا کر سکتا ہے اور ہم صاف شفاف جلد کی بجائے خشک اور کھردری جلد کی پریشانی میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔

جریدے بزنس انسائیڈر نے اس موضوع پر ماہر جلد ڈاکٹر ٹیرنس کینی سے بات کی تاکہ یہ پتہ چلایا جاسکے کہ ہمیں روزانہ کتنی بار منہ دھونے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ڈاکٹر ٹیرنس کا کہنا ہے کہ آپ کو روزانہ عین دو بار منہ دھونے کی ضرورت ہے، نااس سے کم، نا اس سے زیادہ۔ ان کا کہنا ہے کہ آپ صبح اٹھیں تو منہ دھوئیں اور رات سونے سے پہلے منہ دھوئیں۔

ڈاکٹر ٹیرنس نے اس معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ جب ہم منہ دھوتے ہیں تو صرف پسینہ اور میل ہی صاف نہیں ہوتا بلکہ جلد کی قدرتی چکنائی اور اس میں موجود لیپڈز نامی حیاتیاتی مادے بھی صاف ہوجاتے ہیں۔ اگر ہم دن میں دو بار منہ دھوئیں تو صفائی کا مقصد بھی پوراہوجائے گا جبکہ جلد میں قدرتی حیاتیاتی مادوں کی مقدار بھی متوازن رہے گی۔ اگر آپ بار بار منہ دھوئیں گے تو جلد کی قدرتی نمی، چکنائی اور اس میں موجود ضروری حیاتیاتی مادوں میں ضرورت سے زیادہ کمی واقع ہوجائے گی۔ اس کمی کا نتیجہ جلد کی خشکی، کھردرے پن اور کھجلی کی صورت میں نمودار ہوتا ہے۔

ڈاکٹر ٹیرنس نے بتایا کہ اکثر لوگوں کو یہ شکایت ہوتی ہے کہ وہ اپنے چہرے کی جلد کا بہت خیال رکھتے ہیں لیکن اس کے باوجود جلد بے رونق اور خشک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کی ایک بڑی وجہ ان کا حد سے زیادہ متفکر ہونا ہے، جس کی وجہ سے وہ بار بار منہ دھوتے ہیں اور یوں خشکی کم ہونے کی بجائے بڑھتی جاتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ منہ دھونے کے بعد آپ جلد کی نمی بحال کرنے کے لئے کوئی اچھا موئسچرائزر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close