پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی قسم کا کوئی کیس رپورٹ ہوا یا نہیں؟ اہم خبر آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) نگران وزیرصحت ندیم جان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ابھی تک نئے ویرینٹ جے این 1 کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، کورونا کے نئے ویرینٹ کے پھیلاؤ کا خطرہ کم ہے ، لیکن احتیاط ضروری ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کچھ ممالک میں کورونا کا نیا ویرینٹ جے این 1، اومیکرون رپورٹ ہوا ہے، وزارت صحت مسلسل صورتحال کی مانیٹرنگ کررہی ہے، پاکستان میں ابھی تک جے این 1 کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا،اومیکرون کورونا کا ذیلی وائرس ہے، جو کچھ ممالک میں پایا گیا، پاکستان میں پھیلاؤ کا خطرہ کم ہے ، لیکن احتیاط ضروری ہے۔انٹرنیشنل ریگولیشنز کی سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں، محکمہ صحت کے صوبائی اور علاقائی اداروں کو ٹیسٹنگ بڑھانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔نگران وزیرصحت نے کہا کہ سردیوں میں کورونا یا فلو جیسی بیماریوں سے بچنے کیلئے ماسک کا استعمال کیا جائے۔

دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران کورونا کے 16 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔قومی ادارہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں کورونا کے ملک بھر میں 16 مثبت کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے این آئی ایچ کا بتانا ہے کہ ملک بھر میں 3 ہزار 609 کورونا ٹیسٹ 24 سے 30 دسمبر تک کیے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close