ورزش کے بے تحاشہ فوائد میں سے ایک اور فائدہ سامنے آگیا

جارجیا(پی این آئی)ورزش کے بے تحاشہ فوائد میں سے ایک اور فائدہ سامنے آیا ہے کہ باقاعدہ سے جسمانی سرگرمی سے بالخصوص ذیابیطس کی کیفیت میں خون کی نئی رگیں پیدا ہوسکتی ہیں یا پھر ان کا افزائشی عمل تیز تر ہوسکتا ہے۔ہم جانتے ہیں کہ ذیابیطس کا ہولناک مرض بالخصوص لہو کی باریک رگوں کو شدید متاثر کرتا ہے۔ اسی وجہ سے زخم مندمل نہیں ہوتے اور بینائی متاثر ہوتی ہے۔اب پہلی مرتبہ معلوم ہوا ہے کہ ورزش سے خون کی نئی نسیجوں کی تشکیل میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ یعنی ورزش ذیابیطس کے منفی اثرات کو ٹھیک کرسکتی ہے۔

اس سے قبل ذیابیطس میں ورزش کے فوائد سامنے آتے رہے ہیں۔ اب جارجیا میڈیکل کالج کے سائنسدانوں نے ورزش اور نئی رگوں کی افزائش یا اینجیو جنیسس کے درمیان تعلق دریافت کیا ہے۔ اس پورے عمل میں ایکسوسومز اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ایکسوسومز چھوٹے اور باریک پیکٹ جیسے ہوتے ہی جو حیاتیاتی اجزا کو ایک سے دوسرے مقام تک پہنچاتے ہیں۔ ان میں دو طرح کے ایکسوسومز کو دیکھا گیا اول اینٹی آکسیڈنٹس ایس او تھری جو ری ایکٹو آکسیجن کی مقدار کو معمول پر رکھتے ہیں۔ اور پروٹین سگنلنگ میں نمایاں ہوتے ہیں۔ دوم ایک خاص پروٹین ہے جس کا نام اے ٹی پی سیون اے ہے اور تانبے کے ایٹم خلیات تک پہچاتےہیں ۔ ذیابیطس ان دونوں ایکسوسومز کو شدید متاثر کرتی ہے۔

ماہرین نے ورزش اور دونوں ایکسوسومز پر غور شروع کیا تو معلوم ہوا کہ شوگر کا مرض اینڈوتھیلیئل خلیات کے پورے نظام کو درہم برہم کرتا ہے۔ یہ خلیات خون کی نالیوں کی تشکیل کرتے ہیں اور نئی رگوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس ضمن میں ذیابیطس کے شکار چوہوں کو دو ہفتے تک گھومنے والے پہیئے پر دوڑایا گیا جبکہ درمیانی عمر کے تندرست افراد کو درمیانی شدت کی کارڈیو ورزش 45 منٹ تک کرائی گئی۔سائنسدانوں نے دیکھا کہ ورزش کے بعد اینڈوتھیلیئل خلیات پر اے ٹی پی سیون اے کی زیادہ مقدار پہنچنا شروع ہوگئی اور ایس او ڈی تھری کی بھی وسیع مقدار دیکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ رگوں کے اندرونی استر بننے میں بھی تیزی دیکھی گئی ہے۔

اس طرح کہا جاسکتا ہے کہ ورزش سے ذیابیطس کے مریضوں میں بھی خون کی نئی رگیں بن سکتی ہیں جو بہت مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں