ملک بھر میں انسداد پولیو پروگرام جاری، لاہور، فیصل آباد اور اٹک میں پہلے 4 روز کے دوران 3 لاکھ 58 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے، مہم کب تک جاری رہے گی؟

لاہور(پی این آئی)ملک بھر میں انسداد پولیو پروگرام جاری ہے، لاہور، فیصل آباد اور اٹک میں پہلے 4 روز کے دوران 3 لاکھ 58 ہزار بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے گئے۔ترجمان قومی انسداد پولیو پروگرام کے مطابق ضلع جنوبی وزیرستان میں انسداد پولیو مہم کا دورانیہ بڑھانے کی خبر درست نہیں، خصوصی انسداد

پولیو مہم کی مدت 20 سے 25 جولائی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے تحت آج بھی قطرے پلائے جا رہے ہیں، مہم کے دوران اب تک وزیرستان میں 78 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔20 جولائی سے شروع ہونے والی مہم کے لیے تربیت یافتہ پولیس ورکرز پر مشتمل 609 ٹیموں نے سماجی فاصلہ رکھ کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے، ٹیموں کو فیس ماسک، ہینڈ سینیٹائزر اور تمام پی پی ایز بھی فراہم کی گئی تھیں، یہ مہم آج اختتام پذیر ہوگی۔ادھر پنجاب کے تین اضلاع میں کیچ اپ کا دوسرا روز ہے، لاہور، فیصل آباد اور اٹک میں پہلے 4 روز کے دوران 3 لاکھ 58 ہزار بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے گئے، فیصل آباد میں 251000 سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔انسداد پولیو پروگرام کے مطابق اٹک میں 55 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، لاہور میں 4 روز کے دوران 53000 سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، باقی بچوں کو آج قطرے پلائے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں