وفاقی حکومت کن 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کرے گی؟ فہرست سامنے آگئی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے تین مراحل میں 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کر لیا، پہلے مرحلے میں ایک سال کے اندر 10 ادارے نجی شعبے کو دیے جائیں گے۔

قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق نجکاری کا عمل تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا:

پہلے مرحلے میں ایک سال کے دوران 10 سرکاری اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔

دوسرے مرحلے میں 1 سے 3 سال کے اندر 13 اداروں کو نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا۔

تیسرے اور آخری مرحلے میں ایک ادارے کی نجکاری 3 سے 5 سال کے اندر مکمل کی جائے گی۔

پہلے مرحلے میں جن اداروں کی نجکاری متوقع ہے، ان میں پی آئی اے، روزویلٹ ہوٹل، زرعی ترقیاتی بینک شامل ہیں، جبکہ اسلام آباد سمیت تین بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسرے مرحلے میں اسٹیٹ لائف انشورنس، یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن اور چار جنکوز (بجلی پیدا کرنے والے ادارے) کی نجکاری کی جائے گی۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس میں اس وقت کشیدگی دیکھنے میں آئی جب مختلف وزارتوں کی جانب سے ارکان اسمبلی کے سوالات کے جوابات موصول نہ ہوئے۔ اس پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی کے سیکریٹریز کو طلب کر لیا۔

اسپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ کو انتہائی غیر سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ضرورت پڑی تو گورنر اسٹیٹ بینک کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close