پاکستانی طلبہ نے بہت بڑا کارنامہ انجام دے دیا

پاکستانی طلباء نے ملائیشیا میں ہونے والے انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا۔ پاکستانی ٹیم نے ایک گولڈ، ایک سلور اور دو برانز میڈلز جیت کر مجموعی طور پر چار تمغے حاصل کیے۔

تفصیلات کے مطابق محمد طیب بخاری نے طلائی (گولڈ) تمغہ، عمار اسد وڑائچ نے چاندی (سلور) جبکہ رواح جاوید اور تطہیر آئمہ نقوی نے کانسی (برانز) کے تمغے جیتے۔

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ 30 جولائی سے 5 اگست تک ملائیشیا میں منعقد ہوا، جس میں چین، جاپان، ترکی سمیت 19 ممالک کے طلباء نے حصہ لیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستانی ٹیم کی قیادت ڈاکٹر سجاد طاہر اور ڈاکٹر محمد مقصود نے کی۔ پی اے ای سی نے اس کامیابی کو پاکستان میں نیوکلیئر تعلیم کے شعبے میں ایک نمایاں سنگ میل قرار دیا ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ یہ کامیابی نوجوان سائنسدانوں کی مؤثر تربیت میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے فعال کردار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close