کراچی: شہر قائد میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن (پی آئی ایف ڈی) کے کیمپس کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان اور وفاقی وزیر تعلیم و سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی کی کوششوں سے لاہور میں قائم تعلیمی ادارے پی آئی ایف ڈی کے کیمپس کا کراچی میں آغاز ہو رہا ہے، جو کراچی کے نوجوان طلبہ کے لیے ایک خوشخبری ہے، کراچی چیپٹر کا افتتاح خالد مقبول صدیقی آج کریں گے۔
خالد مقبول صدیقی نے اس حوالے سے کہا کہ اس چیپٹر کے آغاز سے کراچی کے طلبہ کو ایک اعلیٰ تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع حاصل ہو سکیں گے، حکومت کی کوشش ہے کہ اس ادارے کو پاکستان کے تمام علاقوں سے جوڑا جائے۔
انھوں نے کہا دنیا میں سو بڑی کمپنیاں ڈگری کی شرط ختم کر کے فنی مہارت کو ترجیح دے رہی ہیں، لہٰذا ہمیں بھی اپنے بچوں کو فنی تعلیم کی جانب راغب کرنا چاہیے۔
خالد مقبول کا کہنا تھا کہ پی آئی ایف ڈی طلبہ کی نمایاں کامیابیوں اور فیشن انڈسٹری میں مستقبل کے لیڈروں کی پرورش میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں