گرلز اسکولوں میں ہراسانی کےواقعات کو روکنے کیلئے حکومت کا احسن اقدام

حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کے گرلز اسکولوں میں ہراسانی کے سدباب کے لیے خصوصی کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔خصوصی کمیٹیاں قائم کرنے سے متعلق فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ’بیداری‘ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عنبرین عجائب کی سربراہی میں 36 طالبات پر مشتمل وفد کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ایگزیکٹو ڈائریکٹر عنبرین عجائب نے بیداری کی خدمات کے بارے میں وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی جبکہ طالبات نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر کے اسکولوں میں گرلز کا عالمی دن منانے پر اتفاق کیا اور طالبات کی خواہش پر ٹیب اور ای بائیکس دینے کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شرکا کو ’وزیراعلیٰ اسکول میل پروگرام‘ کی تفصیلات اور پنجاب کے طلبا کے لیے اسکالرشپ، لیپ ٹاپ، ای بائیکس، ویمن ورچوئل اسٹیشن، پنک بٹن اور سیفٹی ایپ سمیت دیگر پروجیکٹس سے آگاہ کیا۔

وفد میں شامل طالبات نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن اور کام کو سراہا اور ان کے لیے مزید کامیابیوں کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسپشل طالبہ کو اپنے قریب بٹھایا اور اظہار شفقت کیا، طالبات سے اسکول کے بارے میں گفتگو کی اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ملاقات میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکریٹری اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں