سعودی عرب بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں 80 کنال پر محیط مسجد سلمان بن عبدالعزیز تعمیر کرے گا

اسلام آباد (پی این آئی) سعودی عرب فیصل مسجد اسلام آباد کی طرح بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں 80 کنال پر محیط مسجد سلمان بن عبدالعزیز تعمیر کرے گا۔وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ طاہر اشرفی نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ’سعودی عرب نے فیصل مسجد کی طرز پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے اندر 12 ہزار نمازیوں کی گنجائش پر مبنی 80 کنال پر مسجد تعمیر کرے گا۔ مسجد میں دس ہزار مرد جبکہ دو ہزار خواتین کے لیے نماز پڑھنے کی گنجائش ہوگی۔انھوں نے بتایا کہ اس مسجد میں جدید اسلامی تحقیقاتی مرکز بنیں گے جن میں جدید علوم پر ریسرچ ہو گی اور اس سے طلبا مستفید ہوں گے۔ اس سے پاک سعودی تعلقات میں بہتر پیش رفت ہوگی۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورے سے قبل اسلامی یونیورسٹی کے طلبا و طالبات اور مسلمانان پاکستان کے لیے تحفہ ہے۔ وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب سے پہلے اس تحفے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور اس تحفے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں جدید طرز تعمیر کی شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود مسجد، اسلام اور مسلمانوں کی خدمت میں خادم حرمين شريفين سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے تحفہ ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں