عمران یونس(پی این آئی) پنجاب یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجز کے سمسٹر سسٹم آن کیمپس امتحانات کیخلاف طلبا کا پنجاب یونیورسٹی کے باہر احتجاج، روڈ بلاک کر دی، پنجاب یونیورسٹی نے مذاکرات کے بعد بی ایس سمسٹر سسٹم کے امتحانات بھی ملتوی کر دیئے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی سے الحاق شدہ
سرکاری کالجز کے بی ایس پروگرام کے طلبہ نے تین اپریل سے شروع ہونے والے آن کیمپس امتحانات کے خلاف پنجاب یونیورسٹی کے باہر احتجاج کیا گیا۔ طلبا نے احتجاجا کیمپس روڈ بلاک کر دی۔ احتجاج کے باعث یونیورسٹی کے دروازے بند کر دیئے گئے۔ احتجاج میں سائنس کالج، سول لائن کالج، ایم اے او کالج اور گلبرگ کالج کے طلبہ شامل تھے۔طلبہ کا کہنا تھا کہ سرکاری کالجز کی جانب سے آن لائن کلاسز کے فزیکل امتحانات 3 اپریل سے لیئے جارہے ہیں۔ کورونا وباء کے پیش نظر امتحانات ملتوی کئے جائیں۔ اس موقع پر پولیس نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔ ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمد شفیق نے طلبا سے مذاکرات کئے۔ احتجاج کے دوران پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کے طلبہ کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے۔پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے الحاق شدہ کالجز کے بی ایس سمسٹر سسٹم کے امتحان ملتوی کردیئے۔ طلبہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، احتجاج موخر کرکے گھروں کو روانہ ہوگئے۔دوسری جانب شہر بھر میں کورونا وباء کی خراب صورتحال اور پھیلاؤ کو روکنے کیلئے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے اپنے تمام انتظامی شعبہ جات کو 9 اپریل تک بند کر دیا ہے۔یونیورسٹی انتظامیہ نے چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کی ہدایت پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفیکیشن کے مطابق افسروں اور ملازمین کو آن کال رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔صوبائی دارالحکومت میں کوروناوائرس کے بڑھتے وار تیزی سے جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں میں9 افرادجان کی بازی ہارگئے۔ لاہور میں کوروناکے1 ہزار 478 نئےمریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ہسپتالوں میں کوروناوائرس سے متاثر 154 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ شہر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 20 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ شہریوں کی جانب سے وائرس کو سنجیدگی سے نہیں لیا جارہا ہے۔ایک طرف شہریوں کی جانب سے ماسک کا استعمال نہیں کر رہے تو دوسری طرف دوسرے حفاظتی انتظامات سے بھی لاپرواہی برتی جارہی ہے۔شہریوں کو کورونا ایس او پیز اپنانے اور ان پر عمل کروانے کے لئے پولیس آگاہی مہم کے ساتھ اب تک سینکڑوں مقدمات کا اندراج بھی کر چکی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں