یکساں نصاب تعلیم سے غریب بچوں کو اوپر آنے کا موقع ملےگا، وزیراعظم عمران خان نے شاندار اعلان کر دیا

ساہیوال (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے اپریل سے ملک بھر میں یکساں نصاب تعلیم متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت کے بعد اب پورا زور تعلیم پر لگائیں گے، ملک بھر میں تعلیم کا یکساں نصاب رائج کرنا ترجیح ہے، یکساں نصاب تعلیم سے غریب بچوں کو اوپرآنےکا موقع ملےگا، سرکاری

اسکولوں کی تعلیم کو بھی اپ گریڈ کرنا ہے۔انہوں نے ساہیوال میں تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امیر ممالک میں بھی یونیورسل ہیلتھ کوریج نہیں ہوتی، پنجاب بھرمیں ہیلتھ جاری کریں گے، صحت کے بعد ہم اب پورا زور تعلیم پر دیں گے۔ ہم ملک میں یکساں نصاب تعلیم لائیں گے۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ ملک میں تعلیم کا یکساں نصاب ہو۔ ہمارے ملک میں تین نصاب چل رہے یں۔یکساں نصاب تعلیم سے غریب گھرانے کے بچوں کو اوپرآنےکا موقع ملےگا۔سرکاری اسکولوں کی تعلیم کو اپ گریڈ کرنا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن مل کر حکومت چلاتے ہیں ، لیکن اپوزیشن نے پہلے دن سے ہی پارلیمنٹ کو این آراو کیلئے استعمال کیا۔ سینیٹ الیکشن میں پیسا چلنا ملک سے بہت بڑی غداری ہے، سینیٹ الیکشن میں پیسے کی بولیاں لگتی ہیں، پچھلے الیکشن میں جن ارکان کو پارٹی سے نکالا انہوں نے 5، 5 کروڑ لیے ، سینیٹ الیکشن میں پیسے کی مجھے بھی آفر ہوچکی ہے، اب پھر سینیٹ الیکشن کیلئے ریٹ لگنا شروع ہوگئے ہیں، ہمیں معلوم ہے کونسا لیڈر پیسے لگاتا ہے۔سینیٹ الیکشن میں کرپشن روکنے کی ترمیم سے اپوزیشن بے نقاب ہوجائے گی۔ ہمارے پاس پارلیمنٹ میں اکثریت نہیں پھر بھی ترمیم لے کر جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان مدرسوں کے بچوں کو استعمال کرکے ارب پتی بن گیا،فضل الرحمان کرپٹ آدمی ہیں، ان کو مولانا کہنا توہین ہے، فضل الرحمان خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارے ڈاکو مل کر مجھے بلیک میل کر رہے ہیں۔ایک بھگوڑا لیڈر لندن میں بیٹھ کر انقلاب لانا چاہتا ہے۔ یہ سب پارٹی کو اکٹھا رکھنے کیلئے حکومت جانے کی تاریخیں دیتے ہیں۔ انہوں نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کے بارے میں کہا کہ میں نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نہیں پڑھی۔ پارلیمنٹ میں عوامی مفاد کی جو بحث ہونی چاہیے تھی وہ نہیں ہو سکی۔ سیاسی پشت پناہی کے بغیر سرکاری زمینوں پر قبضہ نہیں ہو سکتا۔غریب لوگ باہر سے پیسہ کما کر لاتے تھے اور یہاں پر ان کی زمین پر قبضہ ہو جاتا تھا۔کوئی بڑا ڈاکو یہ نہیں

کہہ سکتا کہ جب تک این آر او نہ ملے میں حکومت گرا دوں گا۔ عمران خان نے کہا کہ مریم نواز نے غیر قانونی کھوکھر پیلس پر کھڑے ہو کر قبضہ مافیا سے اظہار یکجہتی کیا۔ جبکہ کھوکھر برادران نے 130 کروڑ کی سرکاری زمین پر قبضہ کیا ہوا تھا۔ مریم نواز خود کو مستقبل کا لیڈر کہتی ہے لیکن قبضہ مافیا کی حمایت کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ میں ہمیں پھنسانے والے اب خود پھنس چکے ہیں۔ اکاؤنٹس کی اسکروٹنی ہوئی تو تحریک انصاف کے اکاؤنٹس شفاف نکلیں گے۔ ہم نے الیکشن کمیشن میں 40 ہزار اکاؤنٹس کا ڈیٹا دیا ہے۔ چیلنج کرتا ہوں یہ جماعتیں ایک ہزار اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی نہیں دے سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کرپٹ آدمی ہیں، ان کو مولانا کہنا علماء کی توہین ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close