اسلام آباد (پی این آئی) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے آئندہ تعلیمی سمسٹر کے لیے داخلہ پالیسی تیار کر لی ہے جس کے تحت 9 فیکلٹیز کے 115 ڈگری پروگراموں میں طلباء کو اوپن میرٹ کی بنیاد پر داخلے دیے جائیں گے ۔ جامعہ داخلہ مہم کا اعلان 14 جون کو کرے گی جبکہ ملک بھر کے طلبہ و طالبات
اس سلسلے میں 31 جولائی 2020 تک داخلے کی درخواستیں آن لائن دے سکتے ہیں ۔بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے یہ فیصلے جمعہ کو ایک خصوصی اجلاس میں کیے جس کی صدارت ریکٹر پروفیسر معصوم یٰسین زئی اور صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے وڈیو لنک پر کی۔ اجلاس میں دیگر اعلیٰ ذمہ داروں کے علاوہ جامعہ کے قائمقام صدر پروفیسر ڈاکٹر اقدس نوید ملک نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا کہ پوری دنیا عالمی وبا کی لپیٹ میں ہے جس نے شعبہ تعلیم کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے، ان کا کہنا تھا تدریسی عمل کو جاری رکھنے کے لیے متبادل پالیسی ناگزیر ہے اور اس ضمن میں اسلامی یونیورسٹی کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات باعث اطمینان ہیں۔ انہوں نے متعلقہ ذمہ داران پر زور دیا کہ آن لائن نظام تعلیم سے استفادہ کرنے کے لیے اساتذہ اور طلباء کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے اور ا س حوالے سے جاری خصوصی تربیتی نشستوں کو جاری رکھا جائے ۔ اس موقع صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ آئندہ سمسٹر کے لیے جامعہ کی تیاری اور آن لائن اوپن بک امتحان کے لیے وضع کردہ پالیسی پر عمل یقینی بنایا جائے تاکہ تدریسی عمل میں تعطل سے بچا جائے ۔اس موقع پر آن لائن کلاسز کے حوالے سے اساتذہ کی تربیت سمیت مستقبل میں امتحانات کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آن لائن کلاسز کے حوالے سے ترتیب دیے گئے جامع پلان کے حوالے سے ڈاکٹر نبی بخش جمانی نے شرکاء کو آگاہ کیا ، انہوں نے اسلامی یونیورسٹی کی طرف سے اوپن بک طرز کے امتحان کی پالیسی پر بھی بریفنگ دی ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں