پنجاب یونیورسٹی میں آل پاکستان ہم نصابی مقابلہ جات کی تقریب تقسیم انعامات

لاہور (پی این آئی) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اخترنے کہا ہے کہ ہم نصابی سرگرمیاں طلباؤ طالبات کی صلاحیتوں میں نکھار اور اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی، ہائر ایجوکیشن کمیشن، نیب اور دی ایجوکیشنسٹ کے اشتراک سے تیسرے سالانہ آل پاکستان ہم نصابی مقابلہ

جات کی تقریب تقسیم انعامات سے الرازی ہال میں خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پروائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی ڈاکٹر محمد نعیم خان، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر شاہد کمال، پرووائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، ڈائریکٹر آگاہی نیب رفیق میمن، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز پروفیسرڈاکٹر محمد سلیم حیدر، ڈائریکٹر ادارہ علوم ابلاغیات ڈاکٹر نوشینہ سلیم، ایڈیٹر انچیف دی ایجوکیشنسٹ پروفیسر ڈاکٹر شفیق جالندھری، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شبیر سرور،فیکلٹی ممبران اور طلباؤ طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ڈاکٹر شفیق جالندھری، ڈاکٹر شبیر سرور اور ان کی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان ڈاکٹر محمد نعیم خان نے کہا کہ چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزادکشمیر سے طلباؤ طالبات کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا بہت بڑی بات ہے۔ انہوں نے مستقبل میں یونیورسٹی آف بلتستان میں ہم نصابی سرگرمیوں کے انعقادکی پیشکش کی۔ ڈاکٹر سلیم مظہر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی مثبت سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کا سرمایہ ہیں جن کا مستقبل روشن ہے۔ ڈائریکٹر آگاہی نیب رفیق میمن نے کہا کہ ان کے لئے باصلاحیت اور کامیاب لوگوں کی محفل میں آنا باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کرپشن فری پاکستان کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے ساتھ مل کر کرپشن کے خلاف جنگ جیتیں گے۔ ڈاکٹر شفیق جالندھری نے ہم نصابی سرگرمیوں کیلئے تعاون پر پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمد کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ اور روشن ہے۔ ڈاکٹر شبیر سرور نے کہا کہ آل پاکستان ہم نصابی مقابلہ جات کیلئے تعاون پر پنجاب یونیورسٹی، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور نیب کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نصابی مقابلہ جات میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور کشمیر سمیت ملک بھر سے 1900سے زائد طلباؤطالبات نے حصہ لیا جس میں 450سے زائد مقابلے منعقد ہوئے۔یونیورسٹی کی سطح پر مقابلوں میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن پنجاب یونیورسٹی کے نام رہی۔ اسی طرح سکول سینئر کیٹگری میں پہلی پوزیشن پنجاب سکول ٹاؤن شپ جبکہ دوسری پوزیشن دانش سکول میانوانی نے حاصل کی۔ سکول جونیئرکیٹگری میں پہلی پوزیشن گیریژن سکول سرور شہید کیمپس نے حاصل کی اور دی پنجاب سکول ٹاؤن شپ دوسرے نمبر پر رہا۔ بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد ودیگر نے جیتنے والے طلباؤ طالبات میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close