اسلام آباد (پی این آئی) سپر مارکیٹ ایف سکس مرکز اسلام آباد کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے صدر شہزاد شبیر عباسی کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیااور سی ڈی اے کے تعاون سے مارکیٹوں میں ترقیاتی کام شروع کرانے پر چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان کا
شکریہ ادا کیا۔ تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے سپر مارکیٹ میں باقی ترقیاتی کام بھی جلد مکمل کرے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔ وفد میں سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر شیخ داؤد، نائب صدر عامر رحیم قریشی، سیکرٹری جنرل ثاقب تاج عباسی، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل چوہدری محمد عثمان مظہر، جوائنٹ سیکرٹری آصف احمد خان، فنانس سیکرٹری تابش افتخار ملک اور دیگر عہدیداران و ممبران شامل تھے۔سپرمارکیٹ ایسوسی ایشن کے نائب صدر عامر رحیم قریشی اور سیکرٹری جنرل ثاقب تاج عباسی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی نے اسلام آباد کیلئے قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل پاس کر دیا ہے جو بہت مثبت پیش رفت ہے تاہم انہوں نے سینٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ ترمیمی بل کو جلد پاس کیا جائے تاکہ قانون کرایہ داری کا نیا قانون پاس ہونے سے تاجروں کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے خاص طور پر چھوٹے تاجروں کا کاروبار بہت متاثر ہوا ہے لہذا حکومت چھوٹے تاجروں کو قرضے فراہم کرے تا کہ وہ اپنا کاروبار بحال کر سکیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ انہوں نے سی ڈی اے کے چیئرمین عامر علی احمد کے ساتھ اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کا دورہ کرنے
کا سلسلہ شروع کیا ہے جس کا آغاز سپر مارکیٹ سے کیا گیا تھا تا کہ مارکیٹوں میں ترقیاقی کاموں کی ضرورت کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے اب مارکیٹوں میں ترقیاتی کام شروع کر دیئے ہیں جس سے امید ہے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر اس سال ماہ رمضان میں اسلام آباد میں اعلیٰ معیار کی ایک بڑی شاپنگ فیسٹیول منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے جس میں وفاقی دارالحکومت کی مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کو شامل کیا جائے گا تا کہ اسلام آباد میں کاروباری سرگرمیوں کوبہتر فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آرٹس اور کرافٹس کی ایک نمائش بھی منعقد کرنے کی کوشش کرے گا جس میں غیر ملکی سفراء کو بھی مدعو کیا جائے گا تا کہ اس شعبے کی کاروباری صلاحیت کو اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر ایک ڈیجیٹل سمٹ بھی منعقد کرے گا جس میں خطے کے تاجروں کو ای کامرس پلیٹ فارم پر رجسٹر ڈ کیا جائے گا تا کہ وہ ای کامرس کے ذریعے اپنے کاروبار کو فروغ دے سکیں جب کہ اس سے ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ دینے کیلئے وزیر اعظم کے ویژن کو بھی تقویت ملے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر سپرمارکیٹ کے تاجروں کے مسائل حل کرانے کی کوششوں میں ایسوسی ایشن کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر
عبدالرحمٰن خان، محمد اعجاز عباسی، اجمل بلوچ، چوہدری ندیم الدین، محمد حسین، شیخ عبدالوحید، سعید خان، خالد چوہدری، محمد نوید ملک اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ سینٹ کے الیکشن سے پہلے پہلے حکومت سینٹ سے قانون کرایہ داری کا بل پاس کرائے تا کہ تاجربہتر تحفظ کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوشش کریں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں