آل پاکستان انجمن تاجران نےانکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 31جنوری تک توسیع کا مطالبہ کر دیا

لاہور(این این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید کوئی توسیع نہیں دیئے جانے اور 4 دسمبر کے جاری کردہ سرکلر کے تحت گزاروں کی سہولت کے لئے تمام ذیلی دفاتر میں انکم ٹیکس گوشوارے داخل

کرنے کی تاریخ میں توسیع سے متعلقہ درخواستیں وصول کرنے کے لئے ہیلپ ڈیسک تشکیل دینے کو مسترد کر تے ہوئے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 31جنوری تک توسیع دینے کا مطالبہ کیا ہے کیونہ کہ پورے ملک میں 65فیصد گوشوارے جمع ہونا باقی ہیں ،ایف بی آر تاریخ میں توسیع کرے چیمبرز، ایسوسی ایشنز اور تاجر تنظیمیں بھرپور تعاون کریں گی۔ آل پاکستان انجمن تاجران کا ہنگامی اجلاس مرکزی صدر اشرف بھٹی کی صدارت میں ان کے دفتر میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل محبوب سرکی، لاہور کے صدر میاں طارق فیروز ، سینئر نائب صدر نعیم بادشاہ، شہزاد بھٹی، خواجہ ندیم، رفعت سلیم سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حالیہ چند ماہ میں غیر معمولی حالات کی وجہ سے ہر طبقہ مشکلات سے دوچار رہا ہے اور گوشوارے جمع کرانے میں تاخیر ہوئی ، تمام چیمبرز ، ایسوسی ایشنز او رتاجر تنظیموں کے مطالبات کو زیر غور لا کر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں چند روز کی بجائے 31جنوری تک توسیع کی جائے جس میں حکومت کا ہی فائدہ ہے ۔دریں اثنا ایف بی آر کی جانب سے4دسمبرکو جاری کردہ سرکلرمیں کی جانے والی وضاحت میں کہا گیا ہے کہ چیف کمشنر کوموصول ہونے والی تاریخ میں توسیع سے متعلق ایک درخواست کے ذریعے کئی ٹیکس گزاروں کو توسیع دی جا سکے گی بشرطیکہ ٹیکس گزار کا نام، شناختی نمبر، این ٹی این اور حدود کی نشاندھی کے بارے میں بتایا گیا ہو۔گوشوارے داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع کے لئے آن لائن درخواست بھی قابل قبول ہو گی۔چیف کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ٹیکس گوشوارے داخل کرنے سے متعلقہ تاریخ میں توسیع کی درخواستوں پر فراخ دلی کا مظاہرہ کریں اور کل موصول ہونے والی درخواستوں اور توسیع دینے پر مبنی رپورٹ 10 دسمبر تک ہیڈکوارٹر ارسال کریں۔واضح رہے کہ پاکستان ٹیکس بار، مختلف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، تجارتی باڈیز اور میڈیا ہاوسز نے ایف بی آر کو انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع کی درخواستیں ارسال کیں تھیں۔۔۔۔

close