اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکریٹری خالد چوہدری، سید الطاف حسین شاہ، رانا اکرم، ولید خالد، عبدالرحمن صدیقی، ثاقب عباسی، عرفان چوہدری اور چودھری عبدالغفار نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں لاک ڈاؤن اور موجودہ کورونا کی لہر کی وجہ سے
تاجر سخت مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ جبکہ زیادہ تر ٹیکس کنسلٹنٹس کرونا مرض کا شکار ہیں یہی وجہ ہے کہ تاریخ بڑھانے کے باوجود ابھی تک بیس فیصد گوشوارے کم جمع کروائے گئے۔ وزیراعظم عمران خان اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 جنوری تک بڑھانے کے احکامات جاری کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس نے کاروبار تباہ کر دیئے تاجر دکانوں کے کرائے، بجلی کے بل اور ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ اب دوبارہ ایس او پیز کی سختی کی وجہ سے کاروبار متاثر ہو چکے ہیں اگر یہی حالات رہے تو بے شمار تاجر اپنا کاروبار چھوڑ سکتے ہیں۔ ایف بی آر نے ہزاروں کی تعداد میں گذشتہ سال انکم ٹیکس گوشوارے انکوائری کے لئے سلیکٹ کیے جو کہ مرے ہوئے کو مارنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی سے اپیل کی کہ وہ گذشتہ سال کے گوشوارے من و عن تسلیم کرنے کے احکامات جاری کریں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں