گستاخانہ خاکوں کے خلاف اسلام آباد تاجر برادری کا احتجاجی مظاہرہ حکومت فوری طور پر فرانس کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرے، اجمل بلوچ

اسلام آباد (پی این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ کی قیادت میں آبپارہ چوک سے سرینا چوک تک گستاخانہ خاکوں کے خلاف اسلام آباد کی تاجر برادری نے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں سیکریٹری خالد چوہدری، ظفر اقبال گجر، چودھری آفتاب، یوسف راجپوت،

فرحان خان، چوہدری ریاست، راجہ شاہد، چوہدری عرفان، اسد عزیز، احمد خان، چودھری غفار سمیت مختلف مارکیٹوں کے نمائندوں اور تاجروں نے شرکت کی اور ریلی سے خطاب کیا۔ پولیس نے فرانس ایمبیسی جانے والے راستے کنٹینرز لگا کر بلاک کیے ہوئے تھے جلوس کے شرکاء تمام رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے سرینا ہوٹل تک پہنچے جہاں پولیس نے ہوائی فائرنگ بھی کی اور آنسو گیس کا بھرپور استعمال کیا لیکن مذہبی جذبے سے سرشار جلوس کے شرکاء نے احتجاجی دھرنا دیا۔ اجمل بلوچ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے فرانسیسی صدر نے مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کی ہے پاکستان فوری طور پر اس کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرے اور فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے اگر حکومت نے ایسا نہ کیا تو اگلے ہفتے سے دوبارہ احتجاج کا پروگرام ترتیب دیا جائے گا۔ خالد چوہدری نے کہا کہ جان تو دے سکتے ہیں لیکن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے اس مسئلے پر اسلام آباد کے تاجر متحد ہیں حکومت کو جلد از جلد ایکشن لینا چاہئے ایسا نہ ہو کہ احتجاج شدت اختیار کر جائے۔۔۔۔۔

close