سردار یاسر الیاس خان 2020-21  کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نئے صدر منتخب ہو گئے

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران کے سالانہ الیکشن کی تقریب منعقد ہوئی۔ الیکشن کمیشن کے رکن چوہدری عبدالغفار نے الیکشن نتائج کا اعلان کیا۔ سال برائے 2020-21کیلئیسردار یاسر الیاس خان چیمبر کے صدر، محترمہ فاطمہ عظیم سینئر نائب صدر اور عبدالرحمٰن خان

نائب صدر منتخب قرار پائے۔ تینوں عہدیداران کا انتخاب بلا مقابلہ ہوا۔نومنتخب عہدیداران یکم اکتوبر کو باقاعدہ طور پر اپنے عہدوں کا چارج سنبھالیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ اسلام آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام ان کی اہم ترجیح ہو گی تا کہ علاقے میں صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔  انہوں نے کہا کہ وہ سی ڈی اے بورڈ اور ایف بی آر سمیت دیگر اداروں میں چیمبر کی نمائندگی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے سبکدوش ہونے والے صدر محمد احمد وحید نے تاجروصنعتکار برادری کیلئے کافی کام کئے ہیں اور وہ چیمبر کو مزیدمضبوط ادارہ بنانے کی کوشش کریں گے تا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل بہتر طور پر حل ہوں۔ انہوں نے صدارت کیلئے نامزد کرنے پر فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین، گروپ کے اراکین اور چیمبر کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی صلاحیتوں پر جس اعتماد کا اظہار کیا وہ اپنے سپورٹرز کو مایوس نہیں کریں گے۔ فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے نومنتخب عہدیداران کو بلا مقابلہ انتخاب پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ بہتر سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے بزنس کمیونٹی کے مفادات کے فروغ موثر کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں نئے انڈسٹریل زون کا قیام نئی ٹیم کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ اس کے قیام میں صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور روزگار پیدا ہو گا۔ نومنتخب سینئر نائب صدر محترمہ فاطمہ عظیم اور نائب صدر عبدالرحمٰن خان نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تاجروصنعتکار برادری کے مسائل حل کرانے اور ان کے مفادات کے تحفظ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرمحمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے اپنے خطاب میں نومنتخب عہدیداران کو بلامقابلہ انتخاب پر مبارک باد پیش کی اور چیمبر کی ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں میں انہیں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ فاؤنڈر گروپ کے اراکین خالد جاوید، عبدالرؤف عالم،طارق صادق،محمداعجازعباسی،خالداقبالملک،ظفر بختاوری،اورچوہدری وحید الدین سمیت چوہدری نصیر، ملک سہیل حسین، اجمل بلوچ، اشفاق چھٹہ، بابر چوہدری، نوید ملک، خالد چوہدری، یوسف راجپوت اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے نو منتخب عہدیداران کو بلا مقابلہ کامیابی پر مبارک باد پیش کی اور تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے کی جانے والی کوششوں میں ان کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close