منفی پروپیگنڈہ سے فارما انڈسٹری کو بدنام کرنے سے گریز کیا جائے،محمد احمد وحید فارما صنعت عوام کو معیاری لائف سیونگ ادویات فراہم کر رہی ہے، ناصر قریشی

سلام آباد ( پی این آئی ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ ڈرگ پرائسنگ پالیسی کے مطابق ہر سال ادویات کی قیمتوں کو کنزیومر پرائس انڈیکس اور فراط زر کے تناسب سے بڑھانے کی اجازت ہے جبکہ فارما انڈسٹری نے کرونا وائرس بحران کے دوران ادویات کی دستیابی میں کوئی

کمی نہیں آنے دی لیکن اس انڈسٹری کو منفی پروپیگنڈہ کے ذریعے بدنام کیا جا رہا ہے جو کہ اس صنعت کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتاہے لہٰذا ایسا پروپیگنڈہ کرنے سے ہر ممکن اجتناب کیا جائے جس سے پاکستان کی فارما انڈسٹری مشکلات کا شکار ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد فارماسوٹیکل انڈسٹری کے صدر ناصر قریشی سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے اسلام آباد فارماسوٹیکل انڈسٹری کے صدر ناصر قریشی نے کہا کہ فارما صنعت عوام کو معیاری لائف سیونگ ادویات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس بحران کے دوران فارما انڈسٹری نے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں کیونکہ اس دوران نہ تو ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا اور نہ ہی ادویات کی قلت پیدا ہونے دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی فارمولا کے تحت ادویات کی قیمتوں پر نظرثانی کی جاتی ہے جن میں ستمبر میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات تیار کرنے کیلئے اٹھانوے فیصد خام مال باہر سے امپورٹ کرنا پڑتا ہے جس پر بین الاقوامی قیمتوں کا اطلاق ہوتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ ماہ کے دوران ادویات کی تیاری کیلئے کوئی میٹریل باہر سے امپورٹ نہیں کیا جا سکا لیکن اس کے باوجود انڈسٹری نے مارکیٹ میں ادویات کی کمی نہیں ہونے دی۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ پرائسنگ پالیسی کے مطابق ضروری ادویات کی قیمتوں میں ہر سال 7فیصد اور غیر ضروری ادویات کی قیمتوں میں 10فیصد اضافہ کی اجازت ہے۔ تاہم اٹھارویں ترمیم کے بعد اب یہ صوبائی معاملہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک اس وقت ایک ہنگامی صورتحال سے گزر رہا ہے لہذا اس ان حالات میں فارما انڈسٹری کے خلاف منفی پروپیگنڈہ سے اس صنعت کو نقصان پہنچے گا جس سے ہماری معیشت بھی متاثر ہو گی۔ لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی اس اہم صنعت کو نقصان سے بچانے کیلئے یہ ضروری ہے کہ اس کے خلاف غیر ضروری منفی پراپیگنڈہ کرنے سے اجتناب کیا جائے۔۔۔۔۔

close