کورونا زدہ کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ پر نظر ثانی کی جائے،ناصر چوہدری فٹنیس مسائل سے دوچار ٹیم ملک کی بدنامی کا باعث بنے گی، ضیاءچوہدری

اسلام آباد()آئی سی سی آئی اسپورٹس کمیٹی کے چیئرمین اور پی ٹی آئی یونین کونسل 44 کے صدر ناصر محمود چوہدری اور پی ٹی آئی ٹریڈرز ونگ کے سابق صدر اور آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹیو ممبر ضیاءچوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے جب بھی انگلینڈ کا دورہ کیا کوئی نہ کوئی اسکینڈل

منظر عام پر ضرور آیا اور ملک کی بدنامی کا باعث بنا۔ موجودہ کرکٹ ٹیم کے بارہ کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، وزیر اعظم عمران خان نوٹس لیں اور کورونا زدہ کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ پر نظر ثانی کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں میں فٹنیس کے مسائل ہیں اگر دو نمبر یا تین نمبر ٹیم بھیجی گئی تو ملک کی بدنامی کا باعث بنے گی۔ اس سے بہتر ہے کہ فی الحال ٹیم کو نہ بھیجا جائے، آمدن کے لالچ میں پی سی بی ملک کی عزت سے نہ کھیلے۔ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ آفیشلز بھی ٹیم کے ہمراہ جا رہے ہیں اور حیران کن طور پر ایک کے علاوہ دیگر تمام آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں، بہتر ہے کہ آفیشلز سے کرکٹ میچ کھیلنے کو کہا جائے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی حکام اول تو موذی مرض میں مبتلا کھلاڑیوں کو دورہ کی اجازت ہی نہیں دیں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی کہ کسی بڑی بدنامی سے بچنے کیلئے کورونا زدہ کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ پر پابندی عائد کی جائے۔۔۔۔

close