ہوٹل اور ریسٹورنٹ ایس او پی کے تحت کھولنے کی اجازت دی جائے،اجمل بلوچ لاک ڈاؤن ہفتہ وار ایک چھٹی تک محدود کیا جائے، خالد چوہدری، الطاف شاہ

اسلام آباد( پی این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ سیکرٹری خالد چوہدری سے اسلام آباد ہوٹل ایسوسی ایشن کے وفد نے چیرمین سید الطاف حسین شاہ کی قیادت میں ملاقات کی اور ریسٹورنٹ اور ہوٹل انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر اجمل بلوچ نے کہا

کہ حکومت نے بجٹ میں ٹیکس کے ٹارگٹ ایسے مقرر کئے ہیں جو کہ ناممکن ہیں تاجروں کے کاروبار ختم ہوچکے ہیں اور وہ اپنے کرائے بجلی اور گیس کے بل بھی ادا نہیں کر سکتے تو ٹیکس کہاں سے ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ ہوٹل اور ریسٹورنٹ بند ہونے سے ہزاروں افراد بے روزگار ہو چکے ہیں اور مالکان ڈیفالٹ کر رہے ہیں کاروبار بند کرنے کی بجائے انتظامیہ کی طرف سے جاری کیے گئے ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز پر عمل درآمد کروایا جائے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کر رہی ہے ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے سیکریٹری خالد محمود چوہدری اور ہوٹل ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید الطاف حسین شاہ نے اس موقع پر کہا کہ زیادہ تر کاروبار شام 6 بجے تک محدود کیے گئے ہیں اور ہفتہ وار دو دن کاروبار بند رکھے گئے ہیں انہوں نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات سے اپیل کی کہ لاک ڈاؤن ہفتہ وار ایک چھٹی تک محدود کیا جائے انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ چھوٹے تاجروں کو بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں اور تین ماہ کا کرایہ معاف کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کے احکامات دیے جائیں۔۔۔۔

close