حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ہے،محمد احمد وحید،صدر اسلام آباد چیمبر

اسلام آباد ( پی این آئی ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہاہے کہ موجودہ مشکل حالات میں حکومت نے ایک متوازن بجٹ پیش کیا ہے اور امید ہے کہ یہ بجٹ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مختلف صنعتوں کے 40قسم

کے خام مال پر کسٹم ڈیوٹی کو کم کر دیا ہے اور 90ٹیرف لائنز پر کسٹم ڈیوٹی کو 11فیصد سے کم کر کے 3فیصد یا زیرو فیصد کر دیا ہے جو کافی حوصلہ افزاء ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے متعدد انڈسٹریل ان پٹس پر بھی ریگولیٹری ڈیوٹی کم کر دی ہے جس سے کاروبار کی لاگت کم ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بجٹ 2020-21پر اپنا ابتدائی رد عمل دیتے ہوئے کیا۔ محمد احمد وحید نے کہا کہ حکومت نے شناختی کارڈ کیلئے پچاس ہزار کی حد کو بڑھا کر ایک لاکھ کر دیا ہے جو ایک مثبت تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیمنٹ پر بھی فیڈڑیل ایکسائز ڈیوٹی کو 2روپے فی کلو سے کم کر کے 1.75روپے فی کلو کر دیا ہے جس سے سیمنٹ کی قیمت کم ہو گی اور تعمیراتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ودہولڈنگ ٹیکس نظام کو آسان بنانے کیلئے چند ترامیم تجویز کی ہیں جن سے امید ہے کاروباری طبقے کوفائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا سب سے خوش آئند بات یہ ہے کہ مشکل حالات کے باجود حکومت نے اس بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا۔ آئی سی سی آئی کے صدرنے کہا کہ پاکستان کو اس وقت ایکسپورٹس کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ مشکلات کا شکار معیشت کو بحال کیا جا سکے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ایکسپورٹس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبوں کیلئے بھی مزید بہتر مراعات کا اعلان کرے تاکہ ہماری برآمدات میں اضافہ ہو اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکلات حالات کے پیش نظر حکومت نے ایک بہتر بجٹ پیش کیا ہے اور امید ہے کہ اس میں بزنس کمیونٹی کی مزید تجاویز کو شامل کیا جائے گاتاکہ کاروبار کیلئے مزید آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، میاں شوکت مسعود، نعیم صدیقی، میاں عارف، محمد الیاس، محمد اسلم کھوکھر، عمر فاروق، خالد چوہدری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ۔۔۔

close