کراچی: پاکستان میں عید کے موقع پر بزرگوں کی جانب سے بچوں کو عیدی دینے کی خوبصورت روایت برسوں سے چلی آ رہی ہے۔
اسی روایت کو مدنظر رکھتے ہوئے عیدالفطر سے قبل نئے اور کڑک کرنسی نوٹوں کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس بار اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شہریوں کو نئے نوٹ حاصل کرنے کا باقاعدہ اور آسان طریقہ بتا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کی سہولت کے لیے نئے کرنسی نوٹوں کے حصول کا طریقہ کار جاری کیا ہے تاکہ لوگ بغیر کسی پریشانی کے عیدی کے لیے تازہ نوٹ حاصل کر سکیں۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا اور اوپن مارکیٹ میں نئے نوٹوں کی غیر قانونی فروخت اور اضافی چارجز کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
نئے نوٹ حاصل کرنے کا طریقہ کار
اسٹیٹ بینک کے مطابق شہری درج ذیل مراحل پر عمل کر کے نئے نوٹ حاصل کر سکتے ہیں:
ایس ایم ایس رجسٹریشن:
اپنے موبائل فون سے اپنا 13 ہندسوں پر مشتمل شناختی کارڈ نمبر لکھیں، ایک اسپیس دیں اور قریبی بینک برانچ کا کوڈ درج کر کے یہ پیغام 8877 پر ارسال کر دیں۔
تصدیقی پیغام:
ایس ایم ایس بھیجنے کے بعد جوابی پیغام میں ایک مخصوص ٹرانزیکشن کوڈ اور متعلقہ بینک برانچ کا پتہ موصول ہوگا۔
نوٹوں کی وصولی:
شہری اپنا اصل شناختی کارڈ اور اس کی ایک فوٹو کاپی لے کر مذکورہ بینک برانچ جائیں، جہاں تصدیق کے بعد انہیں نئے نوٹ فراہم کر دیے جائیں گے۔
مرکزی بینک نے واضح کیا ہے کہ اس سروس کے لیے کسی قسم کی اضافی فیس وصول نہیں کی جاتی۔
تاہم اس کے باوجود کئی شہری سہولت یا بینکوں میں کوٹہ ختم ہونے کے باعث اوپن مارکیٹ سے نئے نوٹ خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں، جہاں بعض منافع خور افراد اضافی رقم وصول کر رہے ہیں۔
اوپن مارکیٹ میں 10 روپے کے نوٹوں کا 1,000 روپے والا بنڈل تقریباً 1,200 سے 1,300 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ 50 روپے کے نوٹوں کا 5,000 روپے کا بنڈل 5,500 سے 6,000 روپے تک مل رہا ہے۔
واضح رہے کہ عید کے موقع پر خاص طور پر 20 اور 50 روپے کے نئے نوٹ سب سے زیادہ پسند کیے جاتے ہیں کیونکہ یہی نوٹ بچوں کو عیدی دینے کے لیے زیادہ استعمال ہوتے ہیں، جن سے وہ اپنی پسند کی چیزیں خرید کر عید کی خوشیاں دوبالا کرتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






