ڈبل ٹیکس ! نان فائلرز کے لیے بڑی خبر

اسلام آباد میں حکومت نے ٹیکس نیٹ سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد نان فائلرز کو اے ٹی ایم یا بینک ٹرانزیکشن پر زیادہ ادائیگی کرنا پڑے گی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت ٹیکس نیٹ میں وسعت اور محصولات میں اضافے کے لیے اہم اقدامات کی تیاری کر رہی ہے، جن سے عام شہریوں کے اخراجات میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

حکومت نان فائلرز کے لیے بینک سے نقد رقم نکلوانے پر ٹیکس 0.8 فیصد سے بڑھا کر 1.5 فیصد کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اس اقدام سے تقریباً 30 ارب روپے کی اضافی آمدن حاصل ہونے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ تجاویز مالی سال 2025-26 کی دوسری ششماہی میں 200 ارب روپے کے ریونیو خسارے کو پورا کرنے کے لیے دی گئی ہیں۔ ایف بی آر پہلے چھ ماہ میں 3 ہزار 83 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 2 ہزار 885 ارب روپے جمع کر سکا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تجاویز آئی ایم ایف کے ساتھ حالیہ مذاکرات میں پیش کی گئیں۔ حکومت نے منی بجٹ لانے کے بجائے ممکنہ ٹیکس اضافوں پر مشتمل ایک متبادل منصوبہ فراہم کیا ہے تاکہ قرض پروگرام کے ریونیو اہداف پورے کیے جا سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close