برائلر گوشت کی قیمتوں میں اضافہ مسلسل جاری ہے اور فی کلو قیمت 29 روپے بڑھ کر 453 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ دو دنوں کے دوران برائلر گوشت کی مجموعی قیمت میں 58 روپے فی کلو کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ زندہ برائلر کا فارم ریٹ 285 روپے فی کلو اور پرچون قیمت 313 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
فارمی انڈوں کی قیمت بھی دو روپے اضافے کے بعد 329 روپے فی درجن ہو گئی ہے۔ دوسری جانب پاکستان سے پہلی بار امریکا کو انڈوں کی ایکسپورٹ شروع ہو گئی ہے۔ محکمہ قرنطینہ حیوانیات کے مطابق یکم جولائی 2025 سے اب تک امریکا کو 18 لاکھ 99 ہزار 240 درجن انڈے برآمد کیے جا چکے ہیں جن کی مالیت 2.37 ملین امریکی ڈالر ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024-25 میں مجموعی طور پر 18.25 ملین ڈالر کے انڈے ایکسپورٹ کیے گئے، جو گزشتہ مالی سال کے 14 ملین ڈالر کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ پاکستان سے انڈوں کی برآمدات متحدہ عرب امارات، بحرین، ہانگ کانگ، کویت، قطر، سومالیہ اور افغانستان سمیت مختلف ممالک کو کی جا رہی ہیں۔
محکمہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کو 17.22 ملین ڈالر، ہانگ کانگ کو 5.44 لاکھ ڈالر، بحرین کو 3.29 لاکھ ڈالر، کویت کو 3.16 لاکھ ڈالر، سومالیہ کو 2.41 لاکھ ڈالر اور افغانستان کو 1.07 ملین ڈالر مالیت کے انڈے ایکسپورٹ کیے گئے۔ اسی مالی سال میں 1,169 میٹرک ٹن انڈے محلول کی شکل میں بھی برآمد کیے گئے جن کی مالیت 26 لاکھ 12 ہزار 930 امریکی ڈالر رہی۔
ماہرین کے مطابق ان برآمدات میں اضافہ پاکستان کی زرعی اور لائیو اسٹاک انڈسٹری کے لیے ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے جو ملکی معیشت اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کا باعث بنے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






