اسلام آباد(پی این آئی)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے کروائے گئے مقابلے کے نتائج جاری کردیے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کل 9 ڈیزائنرز کے جانب سے بھیجے گئے 10 ڈیزائنز کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے اور جن افراد کے ڈیزائن شارٹ لسٹ ہوئے ہیں انہیں انعامات دیے جائیں گے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق شارٹ لسٹ ہونے والے ڈیزائن علامتی ہیں، جنہیں ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد چنا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ شارٹ لسٹ کیے گئے ڈیزائنز غیر ملکی ڈیزائنرز کو بھیجے جائیں گے اور ان کی رائے کے بعد نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دی جائے گی۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ڈیزائنرز ان ڈیزائنز کو دیکھتے ہوئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لا کر حتمی ڈیزائن تیار کرنے میں آزاد ہوں گے، ماہرین شارٹ لسٹ ہونے والے ڈیزائن کو رہنمائی کے لیے استعمال کریں گے۔اسٹیٹ بینک نے جن ڈیزائنز کو شارٹ لسٹ کیا ہے ان میں 20 روپے، 50 روپے ، 100 روپے اور ہزار روپے کے نوٹ کا ایک ایک ڈیزائن جبکہ 10 روپے، 500 روپے اور 5 ہزار روپے کے نوٹوں کے دو دو ڈیزائن شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں