چینی کمپنی نے پاکستان میں بغیر پیٹرول چلنے والی گاڑیاں متعارف کرا دیں

اسلام آباد(پی این آئی)دنیا کی معروف کار ساز کمپنیوں میں سے ایک نیو انرجی وہیکل مینوفیکچرر بی وائی ڈی نے لاہور ایکسپو سینٹر میں بی وائی ڈی سیلائن6، بی وائی ڈی سیل اور بی وائی ڈی آٹو3 کاروں کی نمائش کی۔

سعودی نیوز ویب سائٹ “اردو نیوز” کے مطابق یہ تقریب میگا موٹر کمپنی کے اشتراک سے پاکستانی مسافر گاڑیوں کی مارکیٹ میں بی وائی ڈی کی باضابطہ آمد کا آغاز ہے۔ اس سے قبل بی وائی ڈی نے مارچ 2024 میں پاکستانی مارکیٹ میں اپنی باضابطہ آمد کا اعلان کیا تھا اور اس کی حالیہ تقریب رونمائی کا مقصد برینڈ اور بنیادی نیو انرجی وہیکل ٹیکنالوجی کو پیش کرنا ہے جو بی وائی ڈی مقامی مارکیٹ میں متعارف کرائے گی۔ سنیچر کو منعقد ہونے والی تقریب میں پیش کیے جانے والے تین گاڑیوں کے ماڈلز نئی انرجی وہیکل ٹیکنالوجی میں کمپنی کی جدید ٹیکنالوجی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان میں سے ہر ماڈل کو بہترین کارکردگی، جدید خصوصیات اور سرسبز مستقبل کے عزم کے ذریعے پاکستانی صارفین کی متنوع ضروریات کی تکمیل کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

اس موقع پر پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومت پاکستان اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ ٹیکنالوجی ہی مستقبل ہے۔ بی وائی ڈی عالمی سطح پر صف اول کی کمپنی ہے اور ہم پاکستان کی ای وی انڈسٹری میں بی وائی ڈی کے داخلے کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہیں اور ہم پاکستان میں سبز انقلاب کے فروغ کے لیے پر عزم ہیں۔‘ بی وائی ڈی ایشیا پیسفک آٹو سیلز ڈویژن کے جنرل منیجر لیو ژویلیانگ نے کہا کہ ’جیسے جیسے دنیا ایک پائیدار مستقبل کی طرف بڑھ رہی ہے، بی وائی ڈی کو اس بڑی تبدیلی کے سفر میں سب سے آگے ہونے پر فخر ہے۔

پاکستانی مارکیٹ میں ہماری آمد کا مقصد صرف صارفین کو جدید گاڑیاں فراہم کرنے تک محدود نہیں ہے بلکہ ماحولیاتی ذمہ داری اور تکنیکی جدت کے وسیع تر وژن کو آگے بڑھانا بھی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہماری نیو انرجی گاڑیاں پاکستان اور دنیا دونوں کے لیے صاف ستھرے اور خوشحال مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گی۔‘ اس موقع پر حب پاور کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کامران کمال نے بتایا کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں تین جدید ترین فلیگ شپ سٹورز اور ایکسپیرینس سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ مقامی ترجیحات کی تکمیل کے ساتھ ساتھ ہم جدید معیار، صارفین کے اطمینان اور عالمی معیارات کا آئینہ دار ہونے کے اپنے عزم کا اظہار کرسکیں۔

اس تاریخ ساز سرمایہ کاری میں ہم پاکستان کا پہلا نیو انرجی ویہکل (این ای وی) اسمبلی پلانٹ قائم کریں گے، جو بی وائی ڈی کی جدید ترین نیو انرجی گاڑیاں تیار کرے گا۔ اس افتتاح کے موقع پر کامران کمال نے حبکو گرین کے قیام کا بھی اعلان کیا جس سے پاکستان میں ماحول دوست نقل و حرکت کے شعبے میں بڑی تبدیلی کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’حبکو گرین کے تحت ہمیں بڑے شہروں، موٹرویز اور شاہراہوں پر فاسٹ چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کا اعلان کرنے پر فخر ہے جس سے ہمارے صارفین کو پورے سفر کے دوران آرام اور اعتماد ملے گا۔‘

بی وائی ڈی ایک ملٹی نیشنل ہائی ٹیک کمپنی ہے جو بہتر زندگی کے فروغ کے لئے تکنیکی جدت سے فائدہ اٹھانے کے لئے پرعزم ہے۔ ری چارجیبل بیٹری بنانے والی کمپنی کے طور پر 1995 میں قائم ہونے والا بی وائی ڈی اب چین، امریکہ، کینیڈا، جاپان، برازیل، ہنگری اور انڈیا میں 30 سے زائد صنعتی پارکوں کے ساتھ آٹوموبائلز، ریل ٹرانزٹ، نئی توانائی اور الیکٹرانکس کا احاطہ کرتے ہوئے ایک متنوع کاروباری دائرہ کار رکھتا ہے۔ توانائی کی پیداوار اور اسٹوریج سے لے کر اس کے اطلاق تک، بی وائی ڈی توانائی کے صفر اخراج حل فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے جو فوسل ایندھن پر عالمی انحصار کو کم کرتا ہے۔ اس کی نئی انرجی گاڑیوں کا پھیلاؤ اب چھ براعظموں، 88 سے زیادہ ممالک اور خطوں اور 400 سے زیادہ شہروں کا احاطہ کرتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close