لاہور (پی این آئی)ملک میں جاری بے پناہ مہنگائی نےعوام کی قوت خرید کو شدید انداز میں مثاتر کیاہے جس کا اثر براہ راست موٹر انڈسٹری پر بھی آیاہے اور گاڑیوں کی فروخت میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے جس سے کمپنیوں کو نقصان پہنچ رہاہے تاہم اب سوزوکی نے صارفین کو متوجہ کرنے کیلئے زبردست پیشکش کر دی ہے ۔ پاکستان سوزوکی موٹرز کمپنی نے اپنی ’ہیچ بیکس‘ پر ایک دلکش پیشکش کا اعلان کیا ہے اور اپنے تمام جاپانی حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ایک حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ میں، پاک سوزوکی نے ان صارفین کے لیے ’ایکسچینج بونس، پرانی دو، نئی لو‘ آفر کا اعلان کیا جو اپنی پرانی سوزوکی کار کو نئی ویگن آر میں اپ گریڈ کرنے کا بےصبری سے انتظار کررہے تھے۔کمپنی کی جانب سے شئیر کی گئی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ اپنی پرانی کار لائیں اور نئی ویگن آر لے جائیں اور ساتھ میں ڈیڑھ لاکھ روپے کا ایکسچینج بونس بھی حاصل کریں۔ سوزوکی نے ایک ہفتہ قبل اپنے تمام ماڈلز (آلٹو، ویگن آر، سوئفٹ) پر ایک آفر کا بھی اعلان کیا تھا جس میں صارفین کو 8 لاکھ روپے بچت حاصل کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔واضح رہے کہ پاک سوزوکی کی جانب سے وقتاً فوقتاً اس طرز کی آفرز کا اعلان کیا جارہا ہے جس کا مقصد گاڑیوں کی فروخت کو بہتر کرنا ہے کیونکہ گزشتہ کافی عرصہ سے سوزوکی گاڑیوں کی فروخت میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق پاک سوزوکی کی سالانہ فروخت میں 27 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ کمپنی نے گزشتہ ماہ 4101 گاڑیاں فروخت کیں جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں فروخت ہونے والی گاڑیوں کی تعداد 5628 تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں