معاشی میدان سے اچھی خبر،ملکی ذخائر میں بڑا اضافہ

اسلام آباد (پی این آئی)زرمبادلہ ذخائر میں مزید اضافہ ہو گیا، سرکاری ذخائر میں ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ، مجموعی ذخائر 13 ارب 37 کروڑ 89 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے ۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے زرمبادلہ کے ہفتہ وار اعدادوشماری جاری کردیے جن کے مطابق 29 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اضافے سے سرکاری ذخائر کی مالیت 8 ارب 4 کروڑ 4 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی جبکہ مجموعی ذخائر کا حجم بڑھ کر 13 ارب 37 کروڑ 89 لاکھ ڈالر ہوگیا۔

مرکزی بینک کے مطابق 29 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے پر کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 6 کروڑ 72 لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 33 کروڑ 85 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔ دوسری جانب ملک میں مسلسل دوسرے روز ڈالر کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں ایک پیسے کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث انٹربینک میں ڈالر 277 روپے 93 پیسے پر بند ہوا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 21 پیسے کمی کیساتھ 279 روپے 77 پیسے میں فروخت ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں