برائلر اور فارمی انڈے کھانے والوں کیلئے بُری خبر

لاہور (پی این آئی) رمضان المبارک میں عوام کیلئے مہنگائی ایک اور “تحفہ”، مرغی کے گوشت کی قیمت 700 روپے، انڈوں کی قیمت 400 روپے سے زائد ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے ڈھائی ہفتے گزر جانے کے باوجود مہنگائی کا طوفان کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گیا۔پیاز، ٹماٹر، برائلر گوشت سمیت دیگر سبزیوں اور اشیاء کی قیمتوں میں مزید اور ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔خاص کر مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتیں بے قابو ہو گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی شہروں میں مرغی کے گوشت کی قیمت 700 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ فی درج انڈوں کی قیمت 420 روپے ہو گئی ہے۔

یکم رمضان کو مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 598 فی کلو تھی جو اب 100 روپے سے زائد بڑھ چکی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولٹری فارمرز نے طلب میں اضافے کا بہانہ بنا کر انڈے اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔دوسری جانب سبزیوں کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھا جا رہا ہے، پیاز کی قیمت اب بھی کئی شہروں میں 300 روپے جبکہ آلو کی قیمت 70 روپے تک ہے، ٹماٹر 150 سے 160 روپے فی کلو ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق آلو کے قیمت53 روپے کلو مقرر ہے ، مارکیٹ میں آلو 70 روپے کلو فروخت ہو رہا، اسی طرح لہسن ادرک بدستور 650 سے 700 روپے فی کلو ،پھول گوبھی 120، بند گوبھی 100 روپے کلو، لیموں دیسی 280 اور لیموں چائنہ 150 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مرغی فروشوں کی تنظیم کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ حکومت زبردستی مرغی کے گوشت کی قیمت کم کرنے پر مجبور کر رہی ہے، اس لیے مرغی کی سپلائی بند کر دیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اس اعلان کے بعد سے ہی مارکیٹ میں مرغی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں، خاص کے عید کے قریب مرغی کا گوشت مزید مہنگا ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close