سونے کی فی تولہ قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

لاہور (پی این آئی) سونے کی قیمت 6 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، شہباز شریف حکومت کے 6 دنوں میں سونا 10 ہزار روپے سے زائد مہنگا ہو گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں سونا رواں ہفتے کے مسلسل چھٹے دن مہنگا ہو گیا، جس باعث فی تولہ سونے کی قیمت 6 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں ہفتے پیر کے روز وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے اپنے عہدے کا حلف لیا گیا تھا۔شہباز شریف کے وزارت عظمٰی سنبھالنے کے بعد سے اب تک 6 ایام میں سونے کی فی تولہ قیمت 10 ہزار روپے سے زائد بڑھ چکی۔ ملک میں آج سونے کی فی تولہ قیمت میں 1600 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 1600روپے بڑھ کر 2 لاکھ 30 ہزار 200 روپے ہو گئی ہے۔ملک میں 10 گرام سونے کی قیمت 1372 روپے اضافے سے 1 لاکھ 97 ہزار 360 روپے ہے۔ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت 18 ڈالر اضافے کے بعد 2198 ڈالر فی اونس ہے۔

 

 

بتایا گیا ہے کہ ستمبر 2023 کے پہلے ہفتے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 30 ہزار روپے کی سطح سے اوپر چلی گئی۔ گزشتہ برس ستمبر میں فی تولہ سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، جبکہ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 37 ہزار روپے ہو گئی تھی۔تاہم اس کے بعد 6 ماہ تک ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مجموعی طور پر کمی کا ہی رجحان دیکھا گیا۔ تاہم اب ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں کو پھر سے پر لگ گئے ہیں، جبکہ جلد ہی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2 لاکھ روپے کی سطح سے اوپر چلے جانے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close