لاہور (پی این آئی) مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، ملک کے متعدد شہروں میں برائلر گوشت کی فی کلو قیمت میں ایک ہی دن میں بڑا اضافہ ہو گیا۔
پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت میں مزید 42 روپے اور ایک درجن فارمی انڈوں کی قیمت میں 2روپے اضافہ ہوا جس سے ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 42اضافے سے590روپے، زندہ برائلر مرغی کی قیمت29روپے اضافے سے407روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت مزید 2روپے اضافے سے382روپے فی درجن ہو گئی۔کئی شہروں میں گوشت کی قیمت 600 روپے سے بھی اوپر چلی گئی جبکہ انڈوں کی قیمت بھی سوا 400 روپے سے زائد ہو چکی۔
دوسری جانب وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.81 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔جس سے ایک ہفتے میں مہنگائی کی مجموعی شرح بڑھ کر 42 اعشاریہ 86 فیصد ہو گئی ہے۔مہنگائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ ایک ہفتے میں23 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں ٹماٹر، چکن، انڈے ،پیاز، چینی اور دالوں سمیت 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
ٹماٹر کی قیمت 16.04 فیصد، چکن 13.98 فیصد، انڈے فی درجن 3.20 فیصد، دال مونگ 1.68 فیصد، دال چنا 2.12 فیصد اور چینی 2.04 فیصد، ایل پی جی 1.19 فیصد اور آگ جلانے والی لکڑی کی قیمت میں0.51 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔اسی طرح ایک ہفتے میں آلو کی قیمت 8.68 فیصد، چائے 1.29 فیصد، کوکنگ آئل، ویجیٹیبل گھی کی قیمت0.54 فیصد، واشنگ سوپ کی قیمت 0.47فیصد کمی ہوئی، دال ماش 0.36 فیصد، آٹے کی قیمت میں 0.23 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں