’پی ایس ڈبلیو کی جانب سے ڈریپ کی ای سروسز کا مرحلہ وار نفاذ کا آغاز

اسلام آباد 13 دسمبر: پاکستان میں دوا سازی کی صنعت میں انقلاب لانے کے لیے تاریخی قدم،پاکستان سنگل ونڈو (PSW) نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) کے تعاون سے دوا ساز اداروں، درآمد کنندگان، صحت کی تنظیموں اور تیار کردہ ادویات کی درآمدات میں شامل امدادی تنظیموں کے کاروبار میں آسانی، شفافیت، اور کارکردگی کو بہتر کرنے کے لیے تمام موجودہ اداروں ، ان کے لائسنسز اور ان کی رجسٹریشن کو کامیابی کے ساتھ پی ایس ڈبلیو کے پلیٹ فارم میں ضم کردیا ہے اور مختلف سروسز کا بتدریج اآغاز کر دیا ہے۔

اس مرحلے میں، پی ایس ڈبلیو ہسپتالوں/این جی اوز اور دیگر تنظیموں کی طرف سے درآمد کی جانے والی غیر رجسٹرڈ عطیہ کردہ ادویات کے لیے جاری کردہ ریلیز آرڈرکے ساتھ تمام قسم کے ادویات کے درآمدی لائسنسز الیکٹرانک جمع کرانے اور جاری کرانے کے لیے ڈیجیٹل خدمات فراہم کرے گا۔ یہ خدمات پی ایس ڈبلیو پلیٹ فارم پر جنوری 2024 سے دستیاب ہوں گی اور توقع کی جاتی ہے کہ اس تبدیلی سے ادویات کی درآمدات کا عمل تیز ہوگا جس سےمریضوں اور ضرورت مندوں تک ادویات کی ترسیل جلد ہوسکے گی ۔

اسی حوالے سے پی ایس ڈبلیو کی جانب سے ایک ویبینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈرگ امپورٹ لائسنس ہولڈرز، ڈرگ مینوفیکچرنگ لائسنس ہولڈرز، کسٹم ایجنٹس، چیمبرز اور مختلف تجارتی اور فارما سیوٹیکل ایسوسی ایشنز کے اراکین کو ان نئے طریقے کار کے بارے میں آگاہی فراہم کی تاکہ ڈیجیٹل سسٹم میں منتقلی کو ممکن بنایا جائے۔اس ویبینار میں 130 شرکاء نے حصہ لیا، جنہیں پی ایس ڈبلیو حکام نے پی ایس ڈبلیو پورٹل کے ذریعے ڈرگ امپورٹ لائسنس کی درخواستوں کو مکمل کرنے اور جاری کرنے کا طریقہ دکھایا اور اسٹیک ہولڈرز کی مختلف تجاویز اور سوالات کا بھی جواب دیا۔

ویبینار کے دوران شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے، ڈومین آفیسر، جناب عمیر محمود نے کہا، ’پی ایس ڈبلیو سسٹم میں ڈرگ امپورٹ لائسنس اور عطیہ شدہ غیر رجسٹرڈ ادویات کے ریلیز آرڈرز کو ضم کرنا ڈریپ کے تجارتی عمل کو جدید اور ہموار کرنے کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس قدم سے دوا ساز کمپنیوں اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کو فائدہ پہنچے گا اور پاکستان بھر میں مریضوں کے لیے ضروری ادویات کی بروقت رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔پی ایس ڈبلیو کو اس اہم قدم کے لیے ڈریپ کے پارٹنر ہونے پر فخر ہے۔

اس ویبینار میں شرکاء نے فعال طور پر حصہ لیا جس میں نہ صرف ان کے تحفظات کو دور کیا گیابلکہ سوئچ اوور کے متعد پہلوؤں کو واضح کرنے میں بھی، یہ ویبینار بےحد فائدہ مند ثابت ہوا۔

پی ایس ڈبلیو پلیٹ فارم میں ڈریپ کا انضمام، ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے۔ ڈریپ اور پی ایس ڈبلیو کے درمیان شراکت داری کو 11 نومبر 2022 کو اسلام آباد میں دستخط شدہ ایم او یو کے ذریعے باقاعدہ شکل دی گئی۔ا س اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا مقصدڈریپ کے سرحد پار تجارت سے متعلق عمل کو الیکٹرانک طور پرپی ایس ڈبلیو پلیٹ فارم کے ساتھ مربوط کرنا ہے تاکہ تمام متعلقہ خدمات ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر فراہم کی جا سکیں اور کلیئرنس کے عمل کو مزیدموٗثر، شفاف اور تیز کیا جاسکے۔

پی ایس ڈبلیو ایک مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو تجارت اور نقل و حمل سے منسلک فریقین کو معیاری معلومات اور دستاویزات کو سنگل انٹری پوائنٹ کے ساتھ داخل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے تاکہ درآمد، برآمد، اور ٹرانزٹ سے متعلقہ ریگولیٹری تقاضوں کو پورا کیا جا سکے۔ اس کا مقصد پاکستان کی سرحد پار تجارت کو ڈیجیٹلائز کرکے ، کاغذ پر مبنی دستاویزات کو ختم کرکے کاروبار کرنے کے وقت اور لاگت کو کم کرنا ہے۔ پی ایس ڈبلیو، ایک ایسا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو پاکستان کے تجارتی منظر نامے کو بدل دے گا۔ یہ کسٹمز اور دیگر سرکاری ایجنسیوں کے سرحد پار تجارت سے متعلق طریقہ کار کو خودکار بناتا ہے اور ان کے ساتھ انضمام کرکے تجارت کو مزید تیز، زیادہ قابل رسائی اور بجٹ کے موافق بناتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close