ڈیرہ غازی خان (پی این آئی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں سالانہ پانچ ہزار ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے، یہ بدعنوانی عام آدمی نہیں، حکمران طبقہ کرتا ہے۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کاکہنا تھا کہ عوام کا مہنگائی، بیروزگاری کی وجہ سے جینا دشوار ہوگیا، اب ملک سے مافیاز کی سیاست ختم کرنا ہوگی، 75 سال عوام نے حکومتوں کو دیکھ لیا، کوئی بھی اس ملک اور عوام کی حالت کو بہتر نہیں کر سکا۔
انہوں نے کہا کہ کیا کوئی غریب کا بچہ قومی اسمبلی کا ممبر نہیں بن سکتا، جماعت اسلامی کی حکومت آئے گی تو عوام کی خوشحالی کے سفر کا آغاز ہو گا۔فلسطین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے حق میں بات نہ کرنے والے امریکی غلام اور بزدل ہیں، کیا مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے لیڈر مسلمان اور پاکستانی نہیں ہیں۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہا کہ اسرائیل امریکا کی سرپرستی میں فلسطین پر ظلم و جبر کر رہا ہے، جماعت اسلامی فلسطین کے ساتھ ہے، اسلامی دنیا کو دعوت دی کہ غزہ کے لوگوں کا ساتھ دو۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں