پروازوں کی منسوخی پر ترجمان پی آئی اے کا وضاحتی بیان آگیا

کراچی(پی این آئی)ترجمان قومی ایئر لائنز(پی آئی اے)نے پروازوں کی منسوخی پر وضاحتی بیان جاری کر دیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئر لائنز کا گزشتہ 2 ہفتوں سے معمول کا آپریشن معطل ہے جبکہ یومیہ بنیاد پر پروازیں شیڈول کی جا رہی ہیں، ایندھن کی مقدار میں دستیابی کو مد نظر رکھ کر پروازیں چلائی جا رہی ہے، صرف وہ پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں جن کیلئے ایندھن کی فراہمی یقینی ہوتی ہے۔

پی آئی اے ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کی بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ ہو رہی ہیں یہ کہنا درست نہیں، قومی ایئرلائنز کی جانب سے پی ایس او کو ایندھن فراہمی کیلئے پیشگی ادائیگی کی جاتی ہے، انتظامیہ اپنے ذرائع سے کچھ فنڈز کے حصول کیلئے کوشاں ہے، فنڈز دستیاب ہوتے ہی پی آئی اے معمول کی پروازیں چلانا شروع کر دے گی۔قومی ایئرلائنز کے ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے نے اپنا بین الاقوامی آپریشن بحال رکھنے کیلئے منصوبہ بندی کر رکھی ہے.

بین الاقوامی آپریشن میں کینیڈا، ترکی، چین، ملائیشیا اور سعودی عرب کے آپریشن کو ترجیح دی جا رہی ہے تاہم اندرون ملک آپریشن متاثر ضرور ہے مگر اس کی بتدریج بحالی کی منصوبہ بندی پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مسافروں کو ان کی مطلوبہ پروازوں کے متعلق پی آئی اے کال سینٹر کے ذریعے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے، آپریشن متاثر ہونے سے مسافروں کو درپیش مشکلات اور زحمت کیلئے معذرت خواہ ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close