لاہور (پی این آئی) ڈالر سستا ہونے کے باوجود سب سے سستی ترین موٹر سائیکل مزید مہنگی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں غیر معمولی اضافہ اور ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ ڈالر کی قیمت میں کمی کے حوالے سے معاشی ماہرین کا دعوٰی تھا کہ ڈالر سستا ہونے سے ملک میں مختلف اشیاء کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ خاص کر آٹو سیکٹر سے وابستہ افراد کو امید تھی کہ ڈالر سستا ہونے سے گاڑیاں اور موٹرسائیکل بھی سستے ہو سکتے ہیں۔ تاہم اب ملک کی معروف آٹو کمپنی نے اپنے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے موٹرسائیکل کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے۔ ہنڈا اٹلس نے سی ڈی 70 موٹر سائیکل کی قیمت میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہنڈا اٹلس کمپنی کی جانب سے گزشتہ کئی ماہ سے اپنی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے سب سے کم قیمت موٹرسائیکل سی ڈی 70 کی قیمت بھی 1 لاکھ 57 ہزار 900 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، جبکہ سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت 1 لاکھ 68 ہزار 900 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں موٹرسائیکل ساز کمپنیوں نے ڈالر کی قدر گرنے کے باوجود مختلف برینڈ کی موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں کمی نہیں کی، جبکہ اس کے برعکس یہ کمپنیاں ڈالر کی قدر گاہے بگاہے بڑھنے کی صورت میں موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کرتی رہی ہیں۔ مگر اب ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی ہونے کے باوجود ان کمپنیوں نے چپ سادھ رکھی ہے۔ اس سلسلے میں موٹرسائیکلیں فروخت کرنے والے ڈیلروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ کمپنیوں سے مہنگی موٹرسائیکلیں خرید کر سستی فروخت نہیں کر سکتے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں