پاکستانی روپے نے بہترین کارکردگی والی کرنسی کا اعزاز حاصل کرلیا

لاہور (پی این آئی) امریکی ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی روپیہ سب سے بہترین کارگردگی والی کرنسی کا اعزاز برقرار رکھنے میں کامیاب، رواں مالی سال کے آغاز سے لے کر اب تک ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی روپے کی قدر میں مجموعی طور پر 1.7 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ابھرتی ہوئی اورفرنٹ لائن معیشتوں میں پاکستانی کرنسی نے امریکی ڈالرکے مقابلہ میں بہتر کارگردگی کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔ اسٹیٹ بینک اور بلوم برگ کے اعدادوشمار کے مطابق موجودہ مالی سال کے آغاز سے لیکر اب تک ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں مجموعی طور پر 1.7 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔امریکی ڈالر کے مقابلہ میں بہتر کارگردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرنسیوں میں ملائشین کرنسی دوسری جبکہ جنوبی کوریا کی کرنسی تیسرے نمبر پر ہے۔ ستمبر میں امریکی ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی نے ابھرتی ہوئی اور فرنٹ لائن معیشتوں میں بہترین کرنسی کا اعزاز حاصل کر لیا تھا جس کے بعد سے پاکستانی روپے کی یہ پوزیشن تاحال برقرار ہے۔ انسداد سمگلنگ اور دیگر انتظامی نوعیت کے اقدامات کے نتیجہ میں پاکستانی روپیہ کی قدر میں مسلسل بہتری آ رہی ہے، گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 50 روپے سے زائد کمی ہو چکی۔

جبکہ پیر 9 اکتوبر کو امریکی ڈالر کی قیمت 6 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں پیر 9 اکتوبر کو کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت میں 1 روپے اور 4 پیسے کی مزید کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ڈالر 282 روپے 69 پیسے سے کم ہو کر 281 روپے 65 پیسے کی سطح پر بند ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close