اب توموٹرسائیکل خریدنا بھی عوام کے بس کی بات نہیں، موٹر سائیکلوں کی قیمت میں یکدم ہزاروں روپے کا بڑا اضافہ

اسلام آباد (پی این آئی) غریب کی سواری مزید مہنگی، موٹر سائیکلوں کی قیمت میں یکدم ہزاروں روپے کا بڑا اضافہ کر دیا گیا۔

 

 

تفصیلات کے مطابق یاماہا موٹر پاکستان لمیٹڈ نے بغیر وجہ بتائے موٹر سائیکلوں کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 15 ہزار 500 روپے سے 17 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا۔ اضافے کے بعد یاماہا وائی بی 125 زی، وائی بی 125 زی ڈی ایکس، وائی بی آر 125، وائی بی آر 125 جی اور وائی بی آر 125 جی بالترتیب 3 لاکھ 96 ہزار روپے، 4 لاکھ 23 ہزار 500 روپے، 4 لاکھ 35 ہزار 500 روپے اور 4 لاکھ 53 ہزار اور 4 لاکھ 56 ہزار روپے میں دستیاب ہوں گی۔ قبل ازیں مختلف برانڈز کی موٹر سائیکل ساز کمپنیوں نے اپنی سالانہ پیداوار میں کمی کر دی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صرف لاہور کی آٹو مارکیٹوں میں موٹر سائیکلوں کی فرخت 50 فیصد کم ہو گئی۔

 

 

 

فروخت میں کمی کی وجہ موٹر سائیکلوں سمیت موٹر سائیکلوں کی پارٹس کی قیمت میں بے تحاشا اضافہ بیان کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ ہونڈا سی ڈی 70 کی نئی قیمت ایک لاکھ 54 ہزار 900 روپے، سی ڈی-70 ڈریم کی ایک لاکھ 65 ہزار 900 روپے، پرائڈر 2 لاکھ 3 ہزار 900 روپے، سی جی 125 کی نئی قیمت 2 لاکھ 29 ہزار 900 روپے، سی جی 125 ایس کی قیمت 2 لاکھ 75 ہزار 900 روپے، سی بی 125 ایف کی قیمت 3 لاکھ 80 ہزار 900 روپے، سی بی 150 ایف کی قیمت 4 لاکھ 73 ہزار 900 روپے اور سی بی 150 ایف۔ سلور کی نئی قیمت 4 لاکھ 77 ہزار 900 روپے ہوگی۔ پاکستان کے دوسرے بڑے موٹرسائیکل اسمبلر یونائیٹڈ آٹو انڈسٹریز نے بھی یونائیٹڈ 70 سی سی اور 125 سی سی ماڈل کی قیمت میں 3 ہزار سے 5 ہزار روپے تک اضافہ کیا تھا۔

 

 

 

جس کی وجہ بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کو بتایا گیا تھا۔ خیال رہے کہ رواں ماہ پاک سوزوکی کمپنی نے 16 روز کیلئے موٹر سائیکل پلانٹ بند کرنے کا اعلان کیا تھا، فیصلہ خام مال میں کمی کی وجہ سے کیا گیا تھا۔ پاک سوزوکی کے موٹرسائیکل پلانٹ 31 جولائی سے 15 اگست تک بند کیا گیا تھا، تاہم اس دوران آٹوموبائل پلانٹ آپریٹ جاری رہا۔ سوزوکی کمپنی نے بتایا تھا کہ خام مال کی عدم دستیابی کے باعث موٹرسائیکل کمپنیوں کو پیداوار ی مسائل کا سامنا ہے، خام مال کی کمی کی وجہ سے کمپنی نے موٹرسائیکل پلانٹ کو 15 روز کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈیلرز نے کمپنی کے فیصلے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ موٹر سائیکل پبلک سواری ہے جو پہلے ہی بہت مہنگی ہو چکی ہے، پلانٹ بند ہونے سے قیمتیں مزید بڑھیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں