نارتھ کراچی کے صنعتکار بجلی نرخوں میں اضافے کے خلاف سراپا احتجاج، اضافہ واپس نہ لیا تو صنعتیں بند کر کے چابیاں حکومت کے حوالے کر دیں گے، فیصل معیز خان

کراچی (پی این آئی) ایس ایم ایز کے لحاظ سے سیالکوٹ کے بعد دوسرے اور سندھ کے سب سے بڑے نارتھ کراچی صنعتی ایریا کے صنعتکاروں نے بجلی نرخوں میں حالیہ اضافے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بجلی نرخوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اورتنبیہ کی ہے کہ اگر ان کا مطالبہ نہ مانا گیا تو وہ سراپا احتجاج ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی صنعتوں کو تالے لگا دیں گے اور چابیاں حکومت کے حوالے کردیں گے۔
نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے صدر فیصل معیز خا ن نے چیف آف آرمی اسٹاف جنر ل سید عاصم منیر(نشان امتیاز ملٹری)، نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکٹر،نگراں وزیرانرجی،پاور، پیٹرولیم محمد علی اورنگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر سے اپیل کی کہ وہ صنعتوں کو تباہی سے بچانے کے لیے بجلی نرخوں کو کم کرنے میں اپنا کردارادا کریں بصورت دیگر صنعتیں خاص طور پر چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتیں (ایس ایم ایز) بند ہونے سے نہ صرف برآمدات پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے بلکہ بے روزگاری کا سیلاب آجائے گا جس کو قابو کر نا دشوار ہوگا۔

صدر نکاٹی نے مزید کہا کہ دنیا میں اگر ترقی یافتہ ممالک کی کامیابیوں کا جائز ہ لیا جائے تو ایس ایم ایز کا اہم کردار نظر آئے گا مگر بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ایس ایم ایز کو بری طرح نظر انداز کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زائد پیداواری لاگت کی وجہ سے پہلے ہی پیداواری سرگرمیاں محدود ہوگئی ہیں اور صنعتیں چلانا انتہائی دشوار ہے جبکہ ایس ایم ایز اپنے یونٹس بند کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں بلکہ یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کہ چھوٹا صنعتکار تقریباً مرگیا ہے لہٰذا بجلی نرخوں میں حالیہ اضافہ صنعتوں باالخصوص چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایس ایم ایز) کو برباد کردے گا کیونکہ مہنگی بجلی اور مہنگی گیس نے بڑی صنعتوں سمیت ایس ایم ایز کی پیداواری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے بلکہ صورتحال اس حد تک خراب ہو گئی ہے کہ 35 فیصد ایس ایم ایز بند ہوگئی ہیں جس سے ہزاروں افراد بے روزگار ہو گئے ہیں۔

فیصل معیز خان نے نگراں حکومت پر زور دیا کہ وہ کاروبار وصنعت مخالف پالیسیوں کے بجائے ایسی پالیسیاں وضع کریں جس سے کاروبارکرنے اور صنعتیں چلانے میں آسانیاں پیدا ہوں اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں گے باالخصوص ایس ایم ایز کے لیے خصوصی پالیسی مرتب کرتے ہوئے سبسڈی کے ساتھ خصوصی بجلی ٹیرف دیا جائے تاکہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی طرح پاکستان بھی ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوسکے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ نگراں حکومت نے اگر ملک کو سنگین معاشی بحرانوں سے نکانے اورایس ایم ایز کو تباہی سے بچانے کے اقدامات نہ کیے تو ہم ایسے بھنور میں پھنس جائیں گے جہاں سے واپسی شاید ممکن نہ ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں